مفرور وجئے مالیا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری، 180 کروڑ روپے قرض ادا نہ کرنے پر ہوئی کارروائی

سی بی آئی کا کہنا ہے کہ وجئے مالیا نے قصداً سرکاری بینک کا قرض ادا نہیں کیا، ای ڈی کے ذریعہ ہو رہی منی لانڈرنگ معاملے کی جانچ میں وہ پہلے ہی مفرور قرار دیے جا چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وجے مالیہ کہ فائل تصویر، آئی اے این ایس </p></div>

وجے مالیہ کہ فائل تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

وجئے مالیا کے لیے مشکلیں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں۔ اب ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے مفرور کاروباری وجئے مالیا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹی جاری کر دیا ہے۔ یہ غیر ضمانتی وارنٹ مالیا کے خلاف انڈین اوورسیز بینک سے 180 کروڑ روپے لے کر اس کی ادائیگی نہ کرنے سے متعلق ہے۔ عدالت نے ان کے خلاف 29 جون کو غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا، لیکن اس سے متعلق حکم نامہ یکم جولائی کو سامنے آیا۔

عدالت نے سی بی آئی کی دلیلوں کو سننے کے بعد اور وجئے مالیا کے مفرور ہونے کی حالت کی بنیاد پر کہا کہ مالیا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کے لیے یہ معاملہ بالکل موزوں ہے، تاکہ ان کی عدالت میں حاضری یقینی بنائی جا سکے۔ سی بی آئی نے عدالت کی سماعت کے دوران کہا کہ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ دیوالیہ ایئرلائنس کنگ فشر کے پروموٹر وجئے مالیا نے قصداً سرکاری بینک سے لیے 180 کروڑ روپے قرض کی ادائیگی نہیں کی۔ ای ڈی کے ذریعہ جانچ کیے جا رہے منی لانڈرنگ معاملے میں وجئے مالیا پہلے ہی مفرور قرار دیے جا چکے ہیں۔ فی الحال وہ لندن میں ہیں اور برطانیہ کی حکومت سے حکومت ہند بات کر رہی ہے تاکہ انھیں ہندوستان لایا جا سکے۔


چارج شیٹ کے مطابق وجئے مالیا نے 2007 سے 2012 کے درمیان اس وقت فعال کنگ فشر ایئرلائنس کے لیے انڈین اوورسیز بینک سے 180 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ جانچ ایجنسی کا کہنا ہے کہ آر بی آئی نے 2010 میں ایس بی آئی بینک کو ہوابازی شعبہ کے لیے یکمشت ترکیب کے لیے کنگ وشر ایئرلائنس کی تجویز پر غور کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے بعد انڈین اوورسیز بینک سمیت 18 بینکوں کو یونین نے کنگ فشر ایئرلائنس کے ساتھ ایم ڈی آر اے معاہدہ کیا۔ الزام ہے کہ کنگ فشر کے پروموٹر وجئے مالیا نے دھوکہ دہی کے ارادے سے قرض ادائیگی کی ذمہ داریوں کو قصداً پورا نہیں کیا۔ اس سے بینک کو 141.91 کروڑ روپے کا نقصان ہوا اور قرض کو شیئرس میں بدلنے کے سبب 38.30 کروڑ کا اضافی نقصان ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ سابق راجیہ سبھا رکن وجئے مالیا مارچ 2016 میں ہندوستان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ جنوری 2019 میں مالیا کے خلاف کئی مقدمات داخل کیے گئے جس میں انھیں قرض نہ ادا کرنے اور منی لانڈرنگ معاملے میں ملزم بنایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔