جنوب کی ریاستوں میں بھی کورونا کی نئی لہر ہوئی خطرناک، بنگلورو میں دہلی جیسی کیفیت
جنوبی ریاست کرناٹک کا کورونا سے برا حال ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال وبا کی شروعات کے بعد سے کرناٹک میں بدھ کو ایک ہی دن میں انفیکشن و موت کے سب سے زیادہ معاملے درج کیے گئے ہیں۔
ہندوستان میں جہاں ایک طرف کورونا کی تیسری لہر کے بارے میں بات شروع ہو گئی ہے، وہیں جنوبی ہند کی کچھ ریاستوں میں کورونا کی نئی لہر نے فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔ موصولہ اعداد و شمار کے مطابق جنوبی ہند کی صرف چار ریاستوں میں ہی گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 لاکھ 37 ہزار 579 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 656 لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں : آر ایل ڈی کے سربراہ چودھری اجیت سنگھ کا کورونا کے سبب انتقال
جنوبی ریاست کرناٹک کا کورونا سے برا حال ہو چکا ہے۔ اس ریاست میں 50 ہزار سے زیادہ نئے کیس ایک دن میں سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ سال وبا کی شروعات کے بعد سے کرناٹک میں بدھ کو ایک ہی دن میں انفیکشن و موت کے سب سے زیادہ معاملے درج کیے گئے ہیں۔ کرناٹک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 50112 نئے معاملے درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ اس دوران 26 ہزار 841 مریض کورونا سے ٹھیک ہوئے ہیں جب کہ 346 لوگوں کی کورونا سے موت ہو گئی ہے۔
بنگلورو میں کورونا کا قہر کچھ زیادہ ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اس شہر کی حالت بھی دہلی جیسی ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ یہاں 24 گھنٹے میں 23 ہزار سے زیادہ نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ بنگلورو ملک کا پہلا ایسا شہر ہے جہاں ایک دن میں اتنی بڑی تعداد میں نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس درمیان کرناٹک کے ہبلی میں آکسیجن کی کمی کے سبب 5 مریضوں کی موت ہو گئی۔ گویا کہ کرناٹک میں بھی دہلی کی طرح آکسیجن کی کمی کے سبب کئی اموات ہو چکی ہیں۔ آکسیجن کی کمی کا سامنا کر رہے کرناٹک میں رشوت لے کر بستر دینے کے معاملے بھی سامنے آئے ہیں۔ بنگلورو میں مہانگر پالیکا (بی بی ایم پی) کے اسپتال میں رشوت لے کر بستر دینے کے معاملے میں دو ملزمین کی گرفتاری کی جا چکی ہے جب کہ کچھ دیگر لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
اُدھر کیرالہ میں ایک دن میں 41 ہزار سے زیادہ نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 58 لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ ریاست کی وزارت صحت کے مطابق بدھ کو کیرالہ میں کورونا کے 41 ہزار 953 معاملے سامنے آئے۔ اس کے ساتھ ہی یہاں کورونا کے کل معاملوں کی تعداد 17 لاکھ 43 ہزار 932 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں آندھرا پردیش میں کورونا وائرس کے 22 ہزار سے زیادہ نئے کیس گزشتہ 24 گھنٹے میں سامنے آئے ہیں۔ اس ریاست میں 85 مریضوں کی گزشتہ 24 گھنٹے میں جان بھی گئی ہے۔ یہاں گزشتہ پانچ دنوں میں کورونا کے ایک لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں۔
تمل ناڈو کی حالت بھی بہت اچھی نہیں ہے۔ اس ریاست میں بھی کورونا کا قہر عروج پر ہے۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹے میں 23 ہزار 310 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اس دوران 167 لوگوں کی کورونا سے موت بھی ہو گئی۔ نئے کورونا مریضوں کی تعداد کے درج ہونے کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 72 ہزار 602 ہو گئی ہے۔ ریاست میں بدھ کو 20 ہزار 62 مریض ٹھیک ہوئے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو کے چینگالپٹو سے بھی آکسیجن کی قلت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہاں بغیر آکسیجن کے 11 مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔