خوفناک لینڈ سلائڈ سے متاثر وائناڈ میں سنائی دی پُراسرار آواز، مقامی لوگوں اور افسران میں دہشت کا ماحول

کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں 30 جولائی کو میپاڈی کے پاس مختلف پہاڑی علاقوں میں پیش آئے لینڈ سلائڈنگ واقعہ نے زبردست تباہی مچائی تھی، ریسکیو مہم اب بھی جاری ہے اور 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وائناڈ لینڈ سلائڈ / آئی اے این ایس</p></div>

وائناڈ لینڈ سلائڈ / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کیرالہ کے ضلع وائناڈ میں گزشتہ ماہ پیش آئے خوفناک لینڈ سلائڈ کے واقعہ سے ابھی تک لوگ باہر نہیں نکل پائے ہیں۔ مہلوکین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے اور 150 سے زائد لاپتہ افراد کی اب تلاش جاری ہے۔ اس درمیان مقامی لوگوں کی دھڑکنیں آج اس وقت بہت زیادہ بڑھ گئیں جب انھیں ایک عجیب اور پُراسرار آواز سنائی دی۔

دراصل جمعہ (9 اگست) کی صبح زیر زمین سے ایک تیز آواز اور گونج سنائی دی جس نے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ افسران کو بھی حیران کر دیا۔ یہ آواز کیوں ہوئی اور کہاں سے آئی، اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس پُراسرار آواز کے بعد مقامی افراد کے ساتھ ساتھ افسران بھی دہشت میں نظر آ رہے ہیں۔


وائناڈ ضلع کے افسران کا کہنا ہے کہ انبالاوایل گاؤں اور وایریتھری تعلقہ کے کچھ علاقوں میں تیز آواز اور گونج محسوس کی گئی ہے۔ کیرالہ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (کے ایس ڈی ایم اے) کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ وہ اس بات کا پتہ لگا رہے ہیں کہ کیا زلزلہ کے جھٹکے آئے تھے۔ ساتھ ہی افسران اس علاقے پر نظر بھی رکھ رہے ہیں جہاں سے پُراسرار آواز سنائی دی تھی۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ اس علاقے میں کہیں کچھ غلط تو نہیں ہو رہا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ فی الحال زلزلہ سے متعلق کسی سرگرمی کا اشارہ نہیں ملا ہے۔

پنچایت وارڈ کے رکن نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ آواز تقریباً 10.15 بجے سنائی دی تھی۔ اس پُراسرار آواز نے مقامی لوگوں کے درمیان دہشت پیدا کر دی ہے۔ اس آواز کے سنائی دینے کے بعد متاثرہ علاقے میں موجود اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وائناڈ ضلع کے افسران کا کہنا ہے کہ اس علاقہ کے مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل بھی کیا جا رہا ہے۔ وائناڈ کی ضلع مجسٹریٹ ڈی آر میگھ شری نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو بہ حفاظت نکالنے کے لیے قدم اٹھائے ہیں۔


واضح رہے کہ وائناڈ ضلع میں 30 جولائی کو میپاڈی کے پاس مختلف پہاڑی علاقوں میں پیش آئے لینڈ سلائڈنگ واقعہ نے زبردست تباہی مچائی تھی۔ ریسکیو مہم اب بھی جاری ہے اور 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کئی اب بھی زیر علاج ہیں۔ لینڈ سلائڈ سے متاثر علاقوں چورل مالا اور منڈکئی میں فوج کے ذریعہ ریسکیو مہم اب بھی چلائی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔