نیرج چوپڑا سونے کے تمغے سے محروم، پاکستان کے ارشد ندیم کے ہاتھ لگا گولڈ میڈل

نیرج چوپڑا نے پیرس اولمپکس 2024 میں ہندوستان کو اپنا پانچواں تمغہ دلایا ہے۔ پاکستانی کھلاڑی نے گولڈ میڈل جیت کر اولمپک ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نیرج چوپڑا نے پیرس اولمپکس 2024 میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ وہ ٹوکیو اولمپکس کے اپنے گولڈ میڈل کا دفاع نہیں کر سکے ، کیونکہ اس بار گولڈ میڈل پاکستان کے ارشد ندیم کے حصے میں گیا ہے۔ نیرج چوپڑا کو گولڈ میڈل جیتنے کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا تھا لیکن ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر اولمپک ریکارڈ توڑ کر پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ 2024 کے اولمپکس میں یہ ہندوستان کا پانچواں تمغہ ہے، اس سے پہلے ہندوستان نے 4 کانسے کے تمغے جیتے تھے۔

نیرج چوپڑا کی پہلی کوشش ناکام رہی لیکن دوسری کوشش میں انہوں نے 89.45 میٹر کی جیولن پھینک کر سیزن کا بہترین تھرو کیا۔ اس سے قبل 2024 کے سیزن میں ان کا بہترین تھرو 89.34 میٹر تھا جو انہوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں حاصل کیا تھا۔ نیرج نے 6 کوششیں کیں جن میں سے پانچ خالی رہے۔ گولڈ میڈل نہ جیتنے کی مایوسی نیرج کے چہرے پر صاف نظر آرہی تھی۔ اس کے باوجود نیرج نے ہندوستانی کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے لیے نیا معیار قائم کیا ہے۔


نیرج اب آزاد ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 اولمپک تمغے جیتنے والے صرف چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے سشیل کمار، پی وی سندھو اور منو بھاکر دو دو اولمپک تمغے جیت چکے ہیں۔واضح رہے نیرج نے 2020 ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

پیرس اولمپکس 2024 کے فائنل میں پاکستان کے ارشد ندیم نے سب کو چونکا دیا۔ نیرج چوپڑا کی طرح ان کی پہلی کوشش بھی خالی رہی لیکن دوسری کوشش میں انہوں نے 92.97 میٹر جیولین  پھینک کر اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔ ان سے پہلے جیولین تھرو کا اولمپک ریکارڈ ناروے کے اینڈریاس تھورڈکلسن کے نام تھا جنہوں نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں 90.57 میٹر جیولین پھینکا تھا۔ ارشد ندیم کا آخری تھرو بھی 90 میٹر سے اوپر تھا جو 91.79 میٹر کے فاصلے پر گرا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔