ملائم سنگھ یادو کی حالت ہنوز نازک، کنبہ کے افراد میدانتا اسپتال میں موجود، کڈنی عطیہ کرنے پہنچا بی ایچ یو اسٹوڈنٹ
ملائم سنگھ یادو کی خرابی طبیعت کے بارے میں جان کر ان کے چاہنے والوں میں فکر کی لہر دوڑ گئی ہے، کئی لوگ تو ملائم سنگھ کی طبیعت کو لے کر دعائیں بھی کر رہے ہیں۔
سماجوادی پارٹی کے محافظ ملائم سنگھ یادو کی طبیعت میں کوئی بہتری دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اتوار کو اچانک ان کی طبیعت خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انھیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے گروگرام واقع میدانتا اسپتال میں ہی داخل ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ حالانکہ اتوار سے بگڑی طبیعت پیر کے روز بھی ویسی ہی رہی۔ میدانتا اسپتال نے پیر کی دوپہر ایک بیان بھی جاری کیا جس میں بتایا کہ ملائم سنگھ یادو اس وقت کرٹیکل کیئر یونٹ (سی سی یو) میں رکھے گئے اور ان کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔
اس درمیان ملائم سنگھ یادو کے بیٹے اکھلیش یادو اور بھائی رام گوپال یادو نے اسپتال پہنچ کر ان کا حال چال دریافت کیا۔ ملائم کنبہ کے دیگر اراکین بھی اس وقت اسپتال میں ہی موجود ہیں۔ ملائم سنگھ کو پروسٹیٹ سے جڑا مسئلہ بتایا جا رہا ہے اور اسی وجہ سے وہ لگاتار ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہتے ہیں۔ وہ وقت وقت پر اپنی جانچ بھی کراتے رہتے ہیں لیکن گزشتہ کچھ مہینوں سے ان کی طبیعت اکثر خراب ہی رہتی ہے۔
بہرحال، ملائم سنگھ یادو کی خرابی طبیعت کے بارے میں جان کر ان کے چاہنے والوں میں فکر کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کئی لوگ تو ملائم سنگھ کی طبیعت کو لے کر دعائیں بھی کر رہے ہیں۔ اس درمیان بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کا طالب علم آشوتوش سنگھ تو اپنی کڈنی ملائم سنگھ کو عطیہ کرنے کے مقصد سے میدانتا اسپتال پہنچ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اسپتال میں موجود ہے، لیکن اس سلسلے میں کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے کہ ملائم سنگھ یادو کو کڈنی کی ضرورت ہے یا نہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔