دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں مکیش امبانی پھر زکربرگ سے آگے نکلے، گوتم اڈانی کا زوال جاری

بلومبرگ کی تازہ رپورٹ کے مطابق ریلائنس کے مالک مکیش امبانی کی ملکیت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 1.4 ارب ڈالر یعنی تقریباً 11488 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

مکیش امبانی، تصویر آئی اے این ایس
مکیش امبانی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بلومبرگ نے دنیا کی امیر ترین شخصیات کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے جس میں کچھ بڑے الٹ پھیر دیکھنے کو ملے ہیں۔ ایک طرف ہندوستانی صنعت کار اور ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کا قد بڑھا ہے، وہیں دوسری طرف فیس بک کے مالک مارک زکربرگ امبانی سے پیچھے چلے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں اچانک ملکیت میں ہوئے اضافہ کے بعد زکربرگ لمبی چھلانگ مارتے ہوئے امیروں کی فہرست میں امبانی سے آگے بڑھتے ہوئے 12ویں مقام پر پہنچے تھے، لیکن ایک بار پھر وہ پیچھے ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کو ایک بار پھر جھٹکا لگا ہے کیونکہ وہ فہرست میں دو پائیدان نیچے کھسک گئے ہیں۔

بلومبرگ کی تازہ فہرست کے مطابق ریلائنس کے مالک مکیش امبانی کی ملکیت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 1.4 ارب ڈالر یعنی تقریباً 11488 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافہ کے ساتھ ہی امبانی کی مجموعی ملکیت بڑھ کر 85.8 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ اتنی ملکیت کے ساتھ مکیش امبانی اب امیروں کی فہرست میں ایک پائیدان اوپر چڑھ کر بارہویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ حالانکہ 13ویں مقام پر موجود زکربرگ کی ملکیت اور مکیش کی ملکیت میں بہت زیادہ کا فرق نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق زکربرگ کی ملکیت اس وقت 85.5 ارب ڈالر ہے۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ حالیہ وقت میں مکیش امبانی اور مارک زکربرگ دونوں ہی ارب پتیوں کی ملکیت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، لیکن رواں سال ہندوستانی صنعت کار گوتم اڈانی کے ساتھ ہی مکیش امبانی نے بھی بڑا خسارہ برداشت کیا ہے۔ امبانی کو رواں سال اب تک 1.36 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ اگر بات کریں مارک زکربرگ کو ہوئے خسارے کی تو انھیں 39.9 ارب ڈالر کی زوردار چپت لگی ہے۔ خسارہ برداشت کرنے کے معاملے میں گوتم اڈانی سب سے آگے ہیں جن کی ملکیت میں 63.5 ارب ڈالر کی کمی درج کی گئی ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخصیات کی فہرست پر نظر ڈالیں تو گوتم اڈانی اس وقت 23ویں مقام پر ہیں۔ یعنی انھیں پہلے کے مقابلے 2 پائیدان کا نقصان ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اڈانی کی ملکیت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 4.78 ارب ڈالر یا پھر تقریباً 39000 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا ہے۔ اس وقت اڈانی کی مجموعی ملکیت 57.1 ارب ڈالر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔