گرفتاری کے بعد عمران خان کی بے رحمی سے پٹائی، جگہ جگہ آگ زنی اور توڑ پھوڑ، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

عمران خان کی گرفتاری حال ہی میں ان کے ذریعہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے افسر میجر جنرل فیصل نصیر پر سنگین الزام عائد کرنے کے بعد ہوئی ہے۔

عمران خان کی فائل تصویر، آئی اے این ایس
عمران خان کی فائل تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان میں منگل کے روز ایک ہائی وولٹیج ڈرامہ میں سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیف عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ حالانکہ ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو پاکستانی رینجرس کورٹ روم سے ہی گھسیٹ کر لے گئے ہیں اور ان کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی لیڈر مسرت چیما نے ٹوئٹر پر عمران خان کی گرفتاری اور ان پر ظلم کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’وہ ابھی عمران خان پر ظلم کر رہے ہیں، وہ خان صاحب کو پیٹ رہے ہیں۔ انھوں نے خان صاحب کے ساتھ کچھ کیا ہے۔‘‘ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ کی تصدیق پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے بھی کی ہے۔


عمران خان کی گرفتاری کی خبر سامنے آتے ہی پی ٹی آئی کارکنان اور عمران خان کے حامیوں نے گھروں سے باہر نکل کر ہنگامہ اور توڑ پھوڑ شروع کر دی ہے۔ کئی شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل کر ٹائر جلاتے ہوئے اور آگ زنی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسلام آباد میں حالات زیادہ کشیدہ دکھائی دے رہے ہیں جہاں پی ٹی آئی حامیوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے خلاف درج کئی معاملوں میں ضمانت لینے پہنچے تھے۔ اسی دوران پاک رینجرس کے ذریعہ انھیں القادر ٹرسٹ معاملے میں گرفتار کر لیا گیا۔ حالانکہ عمران کی پارٹی نے عدالت سے پاک رینجرس پر انھیں عدالتی روم سے مار پیٹ کرتے ہوئے گھسیٹ کر لے جانے کا الزام لگایا ہے۔ پی ٹی آئی نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کر دعویٰ کیا ہے کہ رینجرس کی زبردستی میں عمران خان کے وکیل عدالتی احاطہ میں بری طرح سے زخمی ہوئے ہیں۔


واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری حال ہی میں ان کے ذریعہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے افسر میجر جنرل فیصل نصیر پر سنگین الزام عائد کرنے کے بعد ہوئی ہے۔ عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ میجر جنرل فیصل نصیر ان کا قتل کرانے کی سازش تیار کر رہے ہیں۔ عمران کے اس بیان پر پاکستانی فوج نے انھیں پھٹکار بھی لگائی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔