اڈانی گروپ کی 4 کمپنیوں کی ریٹنگ کو موڈیز نے ’مستحکم‘ سے ’منفی‘ میں تبدیل کر دیا

موڈیز نے کہا کہ ’’ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ میں دھوکہ دہی اور ہیر پھیر کے الزامات کے بعد اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں زبردست گراوٹ آئی ہے، اسی لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

موڈیز انویسٹرس سروس نے ایشیا کے مشہور کاروباری گوتم اڈانی کے ’اڈانی گروپ‘ سے منسلک کمپنی اڈانی گرین کی ریٹنگ کو نگیٹیو (منفی) کر دیا ہے۔ آج موڈیز نے اس سلسلے میں اہم قدم اٹھایا اور مجموعی طور پر اڈانی گروپ کی 8 کمپنیوں کی ریٹنگ جاری کی گئی ہے، جن میں سے 4 کمپنیوں کی ریٹنگ کو ’مستحکم‘ (اسٹیبل) سے ’منفی‘ (نگیٹیو) میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈانی گرین انرجی ریسٹرکٹیڈ گروپ (اے جی ای ایل آر جی-1)، جس میں اڈانی گرین انرجی (یوپی) لمیٹڈ، پرم پوجیہ سولر انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ؛ پریاس ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹڈ؛ اڈانی ٹرانسمشن اسٹیپ-ون لمیٹڈ؛ اور اڈانی الیکٹرسٹی ممبئی لمیٹڈ (اے ای ایم ایل) کو مستحکم سے منفی میں بدلا گیا ہے۔


اڈانی گروپ کی جن چار کمپنیوں کی ریٹنگ کو موڈیز نے مستحکم رکھا ہے، ان میں اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکونومک زون لمیٹڈ (اے پی ایس ای زیڈ)، اڈانی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پرائیویٹ لمیٹڈ؛ وردھا سولر (مہاراشٹر) پرائیویٹ لمیٹڈ، کوڈنگل سولر پارکس پرائیویٹ لمیٹڈ، اڈانی رینیویبل انرجی (آر جے) لمیٹد سمیت اڈانی گرین انرجی ریسٹرکٹیڈ گروپ (اے جی ای ایل آر جی-2)؛ اور اڈانی ٹرانسمشن ریسٹرکٹیڈ گروپ 1 (اے ٹی ایل آر جی1) جس میں باڑمیر پاور ٹرانسمیشن سروس لمیٹد، رائے پور- راجناندگاؤں-ورورا ٹرانسمشن لمیٹڈ، سیپت ٹرانسمیشن لمیٹڈ، تھار پاور ٹرانسمشن سروس لمیٹڈ، ہاڑوتی پاور ٹرانسمیشن سروس لمیٹڈ اور چھتیس گڑھ-ڈبلیو آر ٹرانسمیشن لمیٹڈ شامل ہیں۔

موڈیز نے ریٹنگ سے متعلق کی گئی کارروائی کے بارے میں وضاحت بھی پیش کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ’’اے جی ای ایل کی پرانی سیکورٹی بانڈ ریٹنگ کی تصدیق طویل مدت کے بجلی خرید سمجھوتے (پی پی اے) کو دھیان میں رکھ کر کی گئی ہے۔‘‘ دراصل امریکی شارٹ سیلر ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئرس کی قیمت میں زبردست گراوٹ درج کی جا چکی ہے۔ اس لیے اپنے فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے موڈیز نے کہا کہ ’’ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ میں دھوکہ دہی اور ہیر پھیر کے الزامات کے بعد گروپ کی کمپنیوں کے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔