مانسون اجلاس: ہنگامہ آرائی کے درمیان حزب اختلاف کے 19 ارکان راجیہ سبھا سے معطل
سشمتا دیو، ڈاکٹر شانتنو سین اور ڈولا سین کے علاوہ موسم نور، ندیمل اور گری رنجن سمیت 19 ارکان کو ایوان کے ویل میں داخل ہونے اور نعرے بازی کرنے کے بعد معطل کر دیا گیا۔
نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران حزب اختلاف کی جانب سے مختلف عوامی مسائل کو لے کر ہنگامہ آرائی کرنے پر منگل کے روز حزب اختلاف کے 19 ارکان کو راجیہ سبھا سے معطل کر دیا گیا۔ راجیہ سبھا سے معطل ہونے والے ان ارکان پر اس ہفتہ کی کارروائی میں شامل ہونے پر پابندی رہے گی۔
راجیہ میں ارکان کی معطلی کی یہ کارروائی لوک سبھا میں ہنگامہ آرائی پر اسپیکر اوم برلا کی جانب سے کانگریس کے 4 ارکان کو پورے اجلاس کے لیے معطل کرنے کے ایک دن بعد کی گئی ہے۔ لوک سبھا میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ جیوتی منی، مانیکم ٹیگور، ٹی این پرتھاپن اور رامیا ہری داس کو پیر کے روز معطل کیا گیا تھا۔
حزب اختلاف کے معطل ہونے والے راجیہ سبھا کے 19 ارکان میں ٹی ایم سی کے 7 ارکان شامل ہیں۔ معطل ہونے والے ارکان پر ایوان میں ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ٹی ایم سی کے معطل ہونے والے ارکان میں سشمتا دیو، موسم نور، ڈاکٹر شانتنو سین، ڈولا سین، شانتنو سین، ندیم الحق، ابھی رنجن بسواس، شانتا چھیتری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سی پی آئی ایم کے اے اے رحیم، لیفٹ کے محمد عبداللہ اور ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کنی موجی کو معطل کیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ضروری اشیا پر جی ایس ٹی عائد کئے جانے کے معاملے پر پلے کارڈ اور بینر تھام کر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے تھے کہ وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ میں آئیں اور ان مسائل پر ان کی بات سنیں۔ اپوزیشن مہنگائی کے معاملے پر مسلسل بحث کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 18 جولائی سے شروع ہو چکا ہے لیکن مختلف مسائل پر اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کارروائی میں مسلسل خلل پڑ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔