بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کی عریاں تصاویر پر ہنگامہ، ممبئی میں مقدمہ درج

اداکار رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنی عریاں تصاویر پوسٹ کی ہیں، جس کے بعد ایک این جی او نے چمبور پولیس اسٹیشن میں ایک وکیل کے ذریعے تحریری شکایت درج کرائی ہے۔

معروف اداکار رنویر سنگھ / Getty Images
معروف اداکار رنویر سنگھ / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: معروف اداکار رنویر سنگھ نے عریاں تصاویر کھنچوانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر ڈال دیا، جس نے تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ رنویر سنگھ کو ان کی اس حرکت پر لگاتار تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، ممبئی میں رنویر سنگھ کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے اور شکایت دہندہ نے رنویر کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی قابل اعتراض تصاویر پر بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ اداکار کے خلاف ممبئی کے چمبور پولیس تھانہ میں ایک این جی او کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ رنویر کے خلاف درج مقدمہ میں تعزیرات ہند کی دفعہ 292، 293، 509 اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 67 (A) عائد کی گئی ہے۔


ممبئی پولیس نے اس معاملہ میں ایک پریس بیان بھی جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اداکار رنویر سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عریاں تصاویر پوسٹ کی ہیں اور انہیں ایک میگزین کے لیے بھاری رقم کمانے اور معاشرے کے نوجوانوں کو بدظن کرنے کے ارادے سے کھنچوایا گیا ہے۔ نیز ان کا یہ عمل خواتین کے ذہنوں میں شرمندگی کا باعث بنا۔ لہذا، شکایت کنندہ کے بیان کے مطابق اداکار رنویر سنگھ کے خلاف چمبور پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 292، 293، 509 اور آئی ٹی ایکٹ 67 (اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس افسر نے بتایا تھا کہ این جی او کے اہلکار نے کہا ہے کہ اداکار نے اپنی تصاویر سے خواتین کے جذبات اور ان کی عزت کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ شکایت کنندہ نے اداکار کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس افسر نے کہا تھا، ’’ہمیں اس معاملے میں این جی او سے وابستہ ایک شخص اور ایک خاتون وکیل کی جانب سے درخواست موصول ہوئی۔ ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔‘‘ وہیں آج مقدمہ درج کر لیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔