پیگاسس جاسوسی معاملہ پر اہم انکشاف کے بعد مشکل میں مودی حکومت! سپریم کورٹ میں نئی عرضی داخل

پیگاسس جاسوسی کیس کی تحقیقات کے لیے دائر عرضیوں میں سے ایک کے عرضی گزار وکیل ایم ایل شرما نے سپریم کورٹ میں ایک اور ضمنی درخواست دائر کی ہے

پیگاسس، علامتی تصویر
پیگاسس، علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: پیگاسس جاسوسی کیس کی تحقیقات کے لیے دائر عرضیوں میں سے ایک کے عرضی گزار وکیل ایم ایل شرما نے سپریم کورٹ میں ایک اور ضمنی درخواست دائر کی ہے۔ ’آج تک‘ کے ویب پورٹل پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق عرضی کا یہ حلف نامہ ’نیویارک ٹائمز‘ میں شائع رپورٹ کی بنیاد پر دائر کیا گیا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے پیگاسس ٹیکنالوجی دفاعی سودے کے تحت ہندوستان کو فروخت کی تھی۔ شرما نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سودے کے لیے متعلقہ افسر یا اتھارٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔


عرضی میں نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے 2017 میں پیگاسس کو میزائل سسٹم سمیت ہتھیاروں کے لیے 2 بلین ڈالر کے پیکج کے حصے کے طور پر خریدا تھا۔ نئی عرضی داخل کرنے والے وکیل ایم ایل شرما سپریم کورٹ میں داخل بنیادی عرضی کے بھی درخواست گزار ہیں۔

پیگاسس کے معاملہ پر نیویارک ٹائمز میں جمعہ کے روز شائع ہونے والی رپورٹ کے بعد سے ہی کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں مودی حکومت پر حملہ کر رہی ہیں۔ راہل گاندھی نے حملہ بولتے ہوئے کہا ہے کہ جاسوسی کے لئے اسرائیل سے سافٹ ویئر خریدنا ملک سے غداری کرنے کے مترادف ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔