ہریانہ میں موب لنچنگ! گئو رکشکوں نے تارکین وطن کارکن کو پیٹ پیٹ کر کیا قتل، 5 ملزمان گرفتار

پولیس نے بتایا کہ مقتول صابر ملک جس کا تعلق بنگال سے تھا، وہ چرخی دادری ضلع کے ایک گاؤں کے قریب ایک جھونپڑی میں رہتا تھا اور کباڑ جمع کر کے روزی روٹی کماتا تھا

موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہریانہ کے چرخی دادری ضلع میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ایک تارکین وطن کارکن صابر ملک کو مبینہ طور پر (بیف) گائے کا گوشت کھانے کے شک میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ گئو رکشک گروپ کا حصہ ہیں۔ پولیس نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔

ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق صابر ملک کو 27 اگست کو قتل کیا گیا تھا۔ ملزمان ابھیشیک، موہت، رویندر، کمل جیت اور ساحل کو شک تھا مقتول نے گائے کا گوشت کھایا ہے۔ چنانچہ انہوں نے صابر کو پلاسٹک کی خالی بوتلیں بیچنے کے بہانے ایک دکان پر بلایا اور پھر اسے بری طرح زد و کوب کیا۔


انہوں نے مزید کہا کہ جب کچھ لوگوں کی مداخلت کی تو ملزمان صابر ملک کو کسی دوسری جگہ لے گئے اور اسے دوبارہ مارا پیٹا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ملک چرخی دادری ضلع میں بنڈھرا گاؤں کے قریب ایک جھونپڑی میں رہتا تھا اور روزی روٹی کے لیے کباڑ خریدتا اور فروخت کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تمام پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس معاملے میں دو نابالغوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔