متھرا کی لڈو مار ہولی کے دوران کورونا اصولوں کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں

اتر پردیش کے متھرا ضلع کے برسانا قصبہ میں ’لڈو مار ہولی‘ کے دوران بڑے پیمانے پر کورونا اصولوں کی خلاف ورزیاں نظر آئیں۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ANINewsUP
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ANINewsUP
user

قومی آواز بیورو

متھرا: ایک طرف ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے تو وہیں دوسری طرف لوگوں کی لاپروائیاں کورونا کی اس نئی لہر کو خطرناک بنانے پر آمادہ نظر آ رہی ہیں۔ اتر پردیش کے متھرا ضلع کے برسانا قصبہ میں ’لڈو مار ہولی‘ کے دوران بڑے پیمانے پر کورونا کے اصولوں کی خلاف ورزیاں نظر آئیں۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں مندر کے احاطہ میں عقیدت مندگان کا سیلاب نظر آ رہا ہے، یہ سبھی مندر کے پجاریوں کی طرف سے پھینکے جا رہے لڈوؤں کو پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ویڈیو میں مرد و خواتین کے علاوہ بچے بھی نظر آ رہے ہیں، جو لڈو پکڑنے کے لئے چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ یہ سبھی لوگ ایک دوسرے کے اوپر لڈو پھینکنے میں مشغول ہیں۔


تشویش ناک بات یہ ہے کہ ہزاروں لوگوں کے مجمع میں چند لوگ ہی ایسے ہیں جنہوں نے ماسک لگایا ہوا ہے۔ ایک طرف ہندوستان کورونا کی دوسری لہر سے مقابلہ کے لئے اپنی کمر کس رہا ہے اور ریاستوں میں رہنما ہدایات اور پروٹوکال تیار کیے جا رہے ہیں، وہیں دوسری طرف لوگوں کی لاپروائی اور انتظامیہ کے رویہ پر سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔

برسانا میں لڈو مار ہولی کا انعقاد لٹھ مار ہولی کے بعد ہوتا ہے۔ لٹھ مار ہولی میں خواتین مردوں کو لاٹھی مارنے کی کوشش کرتی ہیں جبکہ مرد ڈھال کے ذریعے خود کا دفاع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہاں موجود ایک عقیدت مند سے جب کورونا کے اصولوں کی خلاف ورزی کی بات کی گئی تو اس نے کہا کہ یہاں کورونا نہیں ہے۔ وہیں سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لے کر لوگ برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔