مہاراشٹر ایم ایل سی انتخاب: شیوسینا-یو بی ٹی کو 2 جبکہ بی جے پی و شیوسینا کو 1-1 سیٹوں پر ملی کامیابی

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے۔ چار سیٹوں پر ہونے والے اس انتخاب میں ادھوٹھاکرے کی شیوسینا نے دو سیٹیں جیت لیں جبکہ بی جے پی و شیوسینا (شندے) کو 1-1 سیٹیں ملیں۔

<div class="paragraphs"><p>مہاراشٹر اسمبلی/ تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

مہاراشٹر اسمبلی/ تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں چار سیٹوں پر ہوئے قانون ساز کونسل کے انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو گیا ہے۔ مہاراشٹر میں لوک سبھا انتخابات کے بعد ایک بار پھر شیوسینا یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے حکمراں محاذ مہایوتی پر بھاری پڑ گئے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا نے قانون ساز کونسل کی کل چار میں سے دو سیٹیں جیت لی ہے جبکہ بی جے پی کو ایک اور شیوسینا (شندے) کو 1-1 سیٹیوں پر کامیابی ملی ہے۔

ممبئی گریجویٹ، ممبئی ٹیچر الیکشن میں شیو سینا-یو بی ٹی کے امیدوار انیل پرب اور جے ایم ابھینکر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کوکن گریجویٹ سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار نرنجن ڈاؤ کھرے اور ناسک ٹیچر سٹ سے شیوسینا (شندے گروپ) کے امیدوار کشور دراڈے نے کامیابی حاصل کی ہے۔ قانون ساز کونسل کے اس انتخاب میں اجیت پوار کی این سی پی اور راج ٹھاکرے نے بھی امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن دونوں پارٹیاں ایک بھی سیٹ پرکامیاب نہیں ہو سکیں۔


ممبئی گریجویٹ، کوکن گریجویٹ، ممبئی ٹیچرس اور ناسک ٹیچرس کے حلقوں میں 26 جون کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس میں 1,43,297 ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا، جن میں سے 1,32,071 ووٹ درست پائے گئے۔ شیو سینا-یو بی ٹی کے لیڈر انیل پرب نے پیر کو ممبئی کے گریجویٹ حلقہ سے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے انتخاب میں بی جے پی کی کرن شیلار کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ پرب کو 44,784 ووٹ ملے جبکہ شیلار کو 18,772 ووٹ ملے۔ ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے 64,222 ووٹ درست پائے گئے اور جیتنے کا کوٹہ 32,112 ووٹ تھا۔

ناسک ٹیچرس حلقہ کے انتخابی نتائج کا اعلان پیر دیر رات گئے کیا گیا۔ یہاں پر ہوئے مقابلے میں شیوسینا (شندے) کے امیدوار کشوردراڈے نے اپنے قریبی حریف وویک کولہے (آزاد) کو شکست دے کر اپنی سیٹ برقرار رکھی اور 63,151 درست ووٹوں میں سے جیتنے کے لیے درکار ووٹ حاصل کیے۔ کوکن گریجویٹ حلقہ میں بی جے پی کے نرنجن ڈاؤکھرے نے کانگریس کے رمیش کیر کو شکست دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔