ہندوستانی ٹیم کے سامنے راہل دراوڑ کی جذباتی الوداعی تقریر، کہا- ’مجھے اس شاندار یاد کا حصہ بنانے کے لیے آپ سب کا شکریہ‘

ٹی-20 ورلڈ کپ کی جیت کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کے کوچ کے طور پر راہل دراوڑ کا سفر ختم ہوا۔ ٹیم کو الوداع کہنے سے پہلے دراوڑ نے ڈریسنگ روم میں ٹیم کے سامنے آخری تقریر کی، جس میں وہ جذباتی ہوگئے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

راہل دراوڑ ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 تک ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام کے ساتھ ہی ان کی میعاد بھی ختم ہو گئی۔ اب ہندوستانی ٹیم کو نیا ہیڈ کوچ ملے گا۔ ہندوستانی ٹیم  کے ساتھ دراوڑ کا سفر فاتح کوچ کے طور پر ختم ہوا۔ ٹیم کو الوداع کہنے سے پہلے دراوڑ نے ڈریسنگ روم میں ٹیم کے سامنے آخری تقریر کی، جس میں وہ جذباتی ہوگئے۔

ہندوستانی ٹیم کے چیمپیئن بننے کے بعد راہل دراوڑ نے ڈریسنگ روم میں کہا کہ مجھے اس شاندار یاد کا حصہ بنانے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔ آپ سب اس لمحے کو یاد رکھیں گے۔ یہ رن یا وکٹ کے بارے میں نہیں ہے۔ آپ اپنا کیریئر یاد نہیں رکھیں گے لیکن اس طرح کے مواقع یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سبھی پر اس سے زیادہ فخر نہیں کر سکتا۔ جس طرح سے آپ واپس آئے، جس طرح آپ نے لڑائی کی، جس طرح ہم نے ایک ٹیم کی شکل میں کام کیا۔ کچھ ناامیدی بھی ہاتھ لگی، جہاں ہم قریب آئے لیکن لائن پار نہیں کر سکے۔


راہل دراوڑ نے مزید کہا کہ ان لڑکوں نے جو کیا، آپ لوگوں نے کیا، معاون اسٹاف نے جو کیا، ہارڈ ورک جو ہم نے کیا، جو قربانی ہم نے دی۔ پورے ملک کو آپ سبھی پر فخر ہے اور جو بھی آپ نے حاصل کیا اس پر آپ کو بھی فخر ہونا چاہئے۔ مجھے لگتا ہے کہ کہ سبھی نے بہت قربانی دی اپنے اہل خانہ کو یہاں لطف اندوز ہوتے دیکھنے کے لیے۔ راہل دراوڑ نے کہا کہ آپ کے والدین، آپ کی بیوی، آپ کے بچے، آپ کے کوچ، آپ کے بھائی اور بہت سے لوگوں نے آپ کے ساتھ کئی قربانیاں دیں اس یاد کو انجوائے کرنے کے لیے۔

راہل دراوڑ نے مزید کہا کہ آپ سب کا شکریہ۔ میرے پاس الفاظ کی کمی ہو گئی ہے جو اکثر نہیں ہوا کرتی ہے۔ میرے لیے اس کا حصہ ہونے سے زیادہ خوش نصیبی نہیں ہو سکتی ہے۔ میرے لیے عزت، مہربانی اور کوشش جو آپ سب نے میرے اور میرے کوچنگ اسٹاف کے لیے کئے، اس کے لیے بہت شکریہ۔

واضح رہے کہ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے بعد راہل دراوڑ ہیڈ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہونا چاہتے تھے لیکن روہت شرما نے انہیں عہدے پر برقرار رہنے کے لیے آمادہ کیا۔ اس موقع پر راہل دراوڑ نے روہت شرما کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روہت، مجھے نومبر میں وہ کال کرنے کے لیے اور مجھے کوچ کے عہدے پر رہنے پر آمادہ کرنے کے لیے تمہارا بہت شکریہ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔