مہاراشٹر قانون ساز کونسل انتخاب: مہایوتی کو 9 اور مہاوکاس اگھاڑی کو 2 نشستوں پر ملی کامیابی

کانگریس امیدوار پرگیا ساتو اور شیوسینا یو بی ٹی امیدوار ملند نارویکر کو مہاراشٹر قانون ساز کونسل انتخاب میں جیت حاصل ہوئی ہے، شیتکاری کامگار پارٹی امیدوار جینت پاٹل انتخاب ہار گئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کے لیے آج ووٹنگ ہوئی جس کے نتائج دیر شام جاری کر دیے گئے۔ اس انتخاب میں مہایوتی اور مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان مقابلہ تھا جس کے نتائج اب سامنے آ گئے ہیں۔ مہایوتی کو جہاں 9 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے، وہیں مہاوکاس اگھاڑی کے 2 امیدوار فتحیاب ہوئے ہیں۔

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی 11 سیٹوں کے لیے آج صبح 9 بجے ووٹنگ شروع ہوئی تھی جو شام 4 بجے تک جاری رہی۔ ووٹوں کی گنتی شام 5 بجے شروع ہوئی تھی۔ 11 سیٹوں کے لیے 12 امیدواروں نے پرچہ داخل کیا تھا اس لیے مقابلہ کافی دلچسپ ہو گیا تھا۔ مہایوتی میں شامل بی جے پی نے 5 امیدوار پنکجا منڈے، یوگیش تلکر، پرینے پھوکے، امت گورکھے اور سدابھاؤ کو ٹکٹ دیا تھا، سبھی کامیاب ہوئے۔ شندے گروپ کی شیوسینا نے 2 امیدواروں کرپال تمانے و بھاؤنا گولی کو ٹکٹ دیا تھا، اور اجیت پوار کی این سی پی نے بھی 2 امیدواروں شیواجی راؤ گرجے و راجیش وتیکر کو میدان میں اتارا تھا۔ ان سبھی کو کامیابی ملی ہے۔


مہاوکاس اگھاڑی کے کامیاب امیدواروں کی بات کریں تو کانگریس نے ایک امیدوار پرگیا ساتو اور شیوسینا یو بی ٹی نے ایک امیدوار ملند نارویکر کو میدان میں اتارا تھا، ان دونوں کو ہی کامیابی ملی۔ شیتکار کامگار پارٹی کے جینت پاٹل انتخاب ہار گئے جنھیں  این سی پی نے حمایت دی تھی۔ پرگیا ساتو کو 25، ملند نارویکر کو 22 اور جینت پاٹل کو 12 ووٹ ملے۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی میں مجموعی ووٹوں کی تعداد 288 ہے۔ ریاست میں فی الحال 274 اراکین اسمبلی ہیں، ایسے میں ایک قانون ساز کونسل کے انتخاب کے لیے کم از کم 23 ووٹ کی ضرورت تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔