اسمرتی ایرانی کے خلاف غیر مہذب زبان کا استعمال نہ کریں، راہل گاندھی کی لوگوں سے اپیل
راہل گاندھی نے کہا ہے کہ زندگی میں جیت اور ہار ہوتی رہتی ہے۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ محترمہ اسمرتی ایرانی یا کسی بھی دوسرے لیڈر کے لیے توہین آمیز اورغیر مہذب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔
اپوزیشن لیڈر اور رائے بریلی سےرکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی کے خلاف غیر مہذہب الفاظ استعمال کرنے والوں کو اس سے روکا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ زندگی میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، کسی کے خلاف غیر مہذب زبان کا استعمال کرنا طاقت کی نہیں بلکہ کمزوری کی علامت ہے۔ راہل گاندھی نے یہ ہدایت سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔
اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’زندگی میں جیت اور ہار ہوتی رہتی ہے۔ میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ محترمہ اسمرتی ایرانی یا کسی بھی دوسرے لیڈر کے لیے توہین آمیز اور غیر مہذب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ لوگوں کی تذلیل اور توہین کمزوری کی علامت ہے، طاقت کی نہیں’۔
دراصل اتر پردیش کی امیٹھی لوک سبھا سیٹ سے ہارنے کے بعد اسمرتی ایرانی کو سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ تنقید ان کے سابق کے بیانات اور اقتدار کے وقت اپوزیشن کےخلاف ان کے معاندانہ رویے کے حوالے سی کی جاتی ہے۔ اسمرتی ایرانی امیٹھی سے بی جے پی کی امیدوارتھیں، جنہیں کانگریس کے امیدوار کشوری لال شرما نے ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔
راہل گاندھی کے ذریعے اسمرتی ایرانی کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال نہ کرنے کی ہدایت کے بعد سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کی جم کر تعریف کی جا رہی ہے۔ راہل گاندھی کے بیان کو نشان زد کرتے ہوئے صارفین سونیا گاندھی کومبارکباد دے رہے ہیں کہ انہوں نے راہل گاندھی کی اچھی تہذیب سکھائی۔ ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’جن نایک راہل گاندھی کی اس عمدہ مثال کو دیکھیں، اسمرتی ایرانی کے برے الفاظ کے باوجود راہل گاندھی کی یہ ہدایت دیکھیں۔ جناب کو سلام!یہی وجہ ہے سر کہ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔