مہاراشٹر میں سوائن فلو کا خطرہ، جولائی تک 512 کیسز کی تصدیق
ڈاکٹر پجاری نے کہا کہ جہاں تک موسم کا تعلق ہے مانسون کے مہینوں میں مغربی اور جنوبی ہندوستان کے کچھ حصوں میں انفلوئنزا زیادہ پایا جاتا ہے۔ جبکہ شمالی ہندوستان میں یہ سردیوں کے دوران زیادہ ہوتا ہے۔
ممبئی: نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی) کے اعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹر میں جولائی تک سوائن فلو یا ایچ ون این ون کے سب سے زیادہ کیسز درج کیے گئے ہیں۔ رواں سال جنوری اور جولائی کے درمیان ریاست میں سوائن فلو کے 512 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ کرناٹک اس فہرست میں دوسرے مقام پر رہا، جہاں 283 کیس درج ہوئے۔ اس کے علاوہ گجرات میں 205 اور کیرالہ میں صرف 50 کیسز درج کئے گئے۔
این سی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 31 جولائی کے درمیان دہلی میں سوائن فلو کے 12، راجستھان میں 125، گوا میں 61، تلنگانہ میں 38، مغربی بنگال میں 81 اور اوڈیشہ میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے۔ این سی ڈی سی کے ایک اہلکار نے کہا کہ مہاراشٹر اور گجرات میں سوائن فلو کا سبب موسمی تبدیلی ہو سکتی ہے۔
دوسری طرف نیشنل کوویڈ ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر سنجے پجاری نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں میں مہاراشٹر میں سوائن فلو کے ٹیسٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وہیں، وائرل نمونیا کی اب کثرت سے جانچ کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر پجاری نے کہا کہ جہاں تک موسم کا تعلق ہے مانسون کے مہینوں میں مغربی اور جنوبی ہندوستان کے کچھ حصوں میں انفلوئنزا زیادہ پایا جاتا ہے۔ جبکہ شمالی ہندوستان میں یہ سردیوں کے دوران زیادہ ہوتا ہے۔
این سی ڈی سی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان میں سوائن فلو کے کیسز گزشتہ سال 2021 (778) کے مقابلہ سے رواں سال جولائی (1455) تک پہلے ہی زیادہ ہو چکے ہیں۔ ہندوستان میں سوائن فلو کے 2020 میں 2752 اور 2019 میں 28798 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2009 میں سوائن فلو کے آغاز کے بعد سے بغیر کسی وقفے کے ان کیسوں کو رپورٹ کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔