جھارکھنڈ میں ملازمہ کے استحصال کی ملزم معطل شدہ بی جے پی کی لیڈر سیما پاترا گرفتار

سیما پاترا پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ملازمہ کے ساتھ گھر میں بند کر کے غیر انسانی سلوک کیا، اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

رانچی: گھریلو ملازمہ پر ظلم و ستم کی انتہا کر دینے والی بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر سیما پاترا کو جھارکھنڈ پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ واقع کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس کے فوری بعد بی جے پی نے سیما پاترا کو پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔ سیما کے خلاف ارگوڑا تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

قبل ازیں، خواتین کے قومی کمیشن (این سی ڈبلیو) نے سابق آئی اے ایس افسر کی بیوی کی گھریلو ملازمہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کمیشن نے اس معاملہ کی مقررہ مدت میں منصفانہ تحقیقات اور متاثرہ کے ساتھ بہتر سلوک کا بھی مطالبہ کیا۔


وہیں سیما پاترا کی ملازمہ نے اپنے ساتھ گزرے دل دہلا دینے واقعہ کو بیان کیا ہے۔ اس دنے بتایا کہ سیما پاترا نے کبھی گرم توے سے جلایا، کبھی راڈ سے دانت توڑ دئے اور بھوکے پیٹ کمرے میں یرغمال بنا کر رکھا۔ اس نے بتایا کہ اسے بھر پیٹ کھانا بھی نہیں دیا گیا۔ ظلم کی انتہا یہیں ختم نہیں ہوئی، سیما پاترا نے خاتون کو زبان سے پیشاب صاف کرنے پر مجبور کیا۔ اس نے بتایا کہ اس نے برسوں تک سورج کی روشنی بھی نہیں دیکھی۔ اور یہ کوئی ایک یا دو مہینے تک نہیں ہوا، بلکہ ظلم کا سلسلہ گزشتہ 8 سال سے جاری تھا۔


رپورٹ کے مطابق بی جے پی کی معطل شدہ لیڈر سیما پاترا کے شوہر سابق آئی اے ایس ہیں، اس کے باوجود ان کی رہائش پر ظلم و ستم کا یہ سلسلہ لگاتار جاری رہا۔ جھارکھنڈ کے گُملا کی رہائشی 29 سالہ متاثرہ گزشتہ تقریباً 10 سال سے پاترا کے خاندان کے لئے کام کر رہی تھی۔ ایک پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی اس کے بعد کہیں جاکر اسے سیما پاترا کے گھر سے آزاد کرایا گیا۔ متاثرہ کا فی الحال رانچی کے رمس میں علاج چل رہا ہے۔ سیما پاترا بی جے پی کی مہیلا مورچہ ورکنگ کمیٹی کے ساتھ ساتھ ریاستی بی جے پی کی ورکنگ کمیٹی کی بھی رکن رہ چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔