لکھنؤ:عازمین حج کا پہلا قافلہ حج بیت اللہ کے لئے روانہ
پہلے طیارے کے ذریعہ سفر حج کے لئے روانہ ہوئے 288عازمین میں 149 مرد اور 139 خواتین شامل ہیں۔ اس طیارے میں سب سے زیادہ 150عازمین حج لکھنؤ و 94 زائرین بارہ بنکی کے ہیں۔
لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں واقع چودھری چرن سنگھ انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے ریاست سے حج بیت اللہ کے لئے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج روانہ ہوگیا۔ ریاست سے آج دو طیارے عازمین کو لے کر روانہ ہوئے۔ پوری دنیا سے عازمین حج کو لے کر جانے والے طیاروں میں یہ سب سے پہلا طیارہ ہوگا جو مدینہ منورہ پہنچے گا۔ پہلے سے طے شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق 288عازمین حج کے پہلے قافلے کو لے کر جانے والے طیارہ 12:00 چودھری چرن سنگھ انٹرنینشل ائیر پورٹ سے اپنی پرواز بھری۔ مولانا علی میاں میموریل حج ہاوس سروجنی نگر لکھنؤ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے امام عیدگاہ مولانا خالد رشید فرنگی محلی و مرکزی وزیر کوشل کشور، اترپردیش حکومت کی جانب سے دانش آزاد انصاری، حج کمیٹی کے چیئرمین محسن رضا نے ہری جھنڈی دکھا کر عازمین کے قافلے کو روانہ کیا۔ عازمین حج ہاوس سے بطور بس ائیر پورٹ پر پہنچے۔ اس سے قبل عازمین حج کو مبارک سفر کے لئے رخصت کرنے کے لئے حج ہاوس تشریف لائے اہل خانہ نے آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ گلے مل کر و ہاتھ ہلا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر ان لوگوں نے عازمین حج کو مبارک باد دیتے ہوئے ملک و ریاستی حکومت و حج کی سروس میں لگے ہوئے لوگوں کے لئے ملک کی فلاح و بہبود و ترقی کی دعا کرنے کی گزارش کی۔ ائیر پورٹ پر مسافروں کے طیارے کا افتتاح لکھنؤ کے ڈی ایم نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ائیر پورٹ پر حکومت و سعوی ائیر لائنس کے افسران، ائیر پور اتھارٹی، کسٹم امیگریشن و حج کمیٹی کے افسران نے پھولوں کی بارش کر کے عازمین حج کو روانہ کیا۔
پہلے طیارے کے ذریعہ سفر حج کے لئے روانہ ہوئے 288عازمین میں 149 مرد اور 139 خواتین شامل ہیں۔ اس طیارے میں سب سے زیادہ 150عازمین حج لکھنؤ و 94 زائرین بارہ بنکی کے ہیں۔ اسی طیارےمیں ہائی کورٹ کے جج عبد المعین اپنے کنبے کے ساتھ حج بیت اللہ کے عزم کے ساتھ روانہ ہوئے ہیں۔ وہیں آج ہی کے دن روانہ ہونے والے دوسرے طیارے میں 282 عازمین تھے جن میں 151 مرد اور 131خواتین شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سروجنی نگر واقعہ علی میاں میموریل حج ہاوس میں عازمین حج کے قیام و طعام کا انتظام ہے۔ حج ہاوس میں ہی سعودی ائر لائنس کے کاونٹر بھی بنائے گئے اس سے عازمین حج اپنا سامان جمع کر کے حج ہاوس میں ہی چیک ان کراسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : فوج اور زمینداروں کے جنجال میں پھنسا پاکستان… ظفر آغا
ملحوظ ر ہے کہ حج بیت اللہ 2023 کے تحت اترپردیش سے اس بار کل 25444عازمین حج سفرکریں گے۔ اترپردیش میں کل 26786 امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں سے 1342 افراد نے کچھ وجوہات کی بنیاد پر اپنے فارم واپس لے لئے تھے۔ ان مجموعی تعداد میں سے 12070عازمین غازی آباد حج ہاوس کے تحت دہلی سے سفر کریں گے جبکہ 10901عازمین لکھنؤ سے روانہ ہوں گے۔ 2473 عازمین وارانسی سے روانہ ہونے والے تھے لیکن کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے اب انہیں بھی لکھنؤ سے ہی سفر کرنا پڑے گا۔ ملحوظ رہے کہ ایک عازم حج کو غیر ملکی کرنسی کی شکل میں کم سے کم 1500 اور زیادہ سے زیادہ 10ہزار سعودی ریال اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہے۔ اس کے لئے انہیں اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے روپئے دے کر سعودی کرنسی لینی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔