لوک سبھا انتخاب 2024: ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ کل، 10 کروڑ سے زائد ووٹرس 904 امیدواروں کی قسمت کا کریں گے فیصلہ

ساتویں مرحلہ میں 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 57 لوک سبھا سیٹوں پر یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے، اس کے بعد سبھی کو 4 جون کا انتظار رہے گا جب ووٹ شماری ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p> ووٹرس کی فائل تصویر / یو این آئی</p></div>

ووٹرس کی فائل تصویر / یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب 2024 کے ساتویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کل یعنی یکم جون کو ہوگی۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سبھی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ آخری مرحلہ میں 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 57 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس درمیان 10 کروڑ سے زائد ووٹرس انتخابی میدان میں اترے 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ اس مرحلہ کی ووٹنگ کا عمل ختم ہوتے ہی گزشتہ تقریباً ڈھائی ماہ سے جاری انتخابی سرگرمیاں بھی ختم ہو جائیں گی اور سبھی کو 4 جون کا انتظار رہے گا جس دن ووٹ شماری کا عمل انجام پائے گا۔

ساتویں مرحلہ میں حق رائے دہی کے لیے حسب سابق صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ حالانکہ الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ ووٹ ڈالنے کا وقت پارلیمانی حلقہ کے مطابق الگ ہو سکتا ہے۔ ووٹنگ سے قبل الیکشن کمیشن نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور گرمی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولنگ بوتھوں پر شامیانہ وغیرہ کی سہولتیں بھی دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پولنگ مراکز پر پانی، بیت الخلاء، وہیل چیئر اور بجلی جیسی سہولیات بھی میسر رہیں گی۔


بہرحال، ساتویں مرحلہ میں 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا اور ان میں سب سے زیادہ 328 امیدوار پنجاب سے ہیں۔ دراصل پنجاب کی سبھی 13 لوک سبھا سیٹوں پر آخری مرحلہ میں ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرے نمبر پر اتر پردیش ہے جہاں 13 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی اور یہاں مجموعی طور پر 144 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ سب سے کم 19 امیدوار چنڈی گڑھ میں ہیں جہاں کی ایک لوک سبھا سیٹ پر ہی الیکشن ہونا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اے ڈی آر کے ذریعہ شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق ساتویں مرحلہ کے انتخاب میں 95 یعنی محض 11 فیصد خاتون امیدوار میدان میں ہیں۔ دراصل موجودہ لوک سبھا انتخاب میں 10 فیصد سے بھی کم خاتون امیدوار قسمت آزمائی کر رہی ہیں۔ پورے سات مراحل کی بات کی جائے تو انتخاب لڑ رہے 8337 امیدواروں میں سے صرف 797 خواتین ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔