کانگریس نے ایگزٹ پول سے متعلق کسی بھی مباحثہ میں شرکت نہ کرنے کا کیا اعلان، ریزلٹ کے دن ہوں گے شریک
پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس کی نظروں میں نتائج سے قبل کسی طرح کا اندازہ لگا کر گھمسان میں حصہ لینا اور ٹی آر پی کے کھیل میں شامل ہونا بے معنی ہے، کانگریس 4 جون سے بخوشی ہر بحث میں حصہ لے گی۔
لوک سبھا انتخاب کے ساتویں اور آخری مرحلہ کی ووٹنگ کے لیے ہفتہ کے روز ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹنگ کے بعد ہفتہ کی شام سے تمام نیوز چینلز پر ایگزٹ پول آنے شروع ہو جائیں گے۔ اس درمیان کانگریس نے ایک بڑا اعلان کیا ہے کہ پارٹی ایگزٹ پول کے کسی بھی مباحثہ میں حصہ نہیں لے گی۔
کانگریس لیڈر اور ترجمان پون کھیڑا نے آئندہ ایگزٹ پول کی بحث میں حصہ نہیں لینے سے متعلق پارٹی کے فیصلے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آئندہ ایگزٹ پول مباحثوں میں پارٹی کے ذریعہ شرکت نہیں کرنے کے فیصلے پر ہمارا بیان: ووٹرس نے اپنے ووٹ دے دیے ہیں اور ووٹنگ کے ریزلٹ مشینوں میں بند ہو چکے ہیں۔ 4 جون کو نتائج سب کے سامنے ہوں گے۔‘‘
اس پوسٹ میں وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’کانگریس کی نظروں میں نتائج کا اعلان ہونے سے پہلے کسی بھی طرح کا اندازہ لگا کر گھمسان میں حصہ لینا اور ٹی آر پی کے کھیل میں شامل ہونا بے معنی ہے۔ کسی بھی بحث کا مقصد ناظرین کے علم میں اضافہ کرنا ہوتا ہے۔ کانگریس پارٹی 4 جون سے مباحثوں میں خوشی خوشی حصہ لے گی۔‘‘
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز لوک سبھا انتخاب کے ساتویں اور آخری مرحلہ میں 57 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ آخری مرحلے کی ووٹنگ کے بعد دیر شام تمام نیوز چینلز پر ایگزٹ پول آنے اور ان پر مباحثوں کا دور شروع ہو جائے گا۔ 4 جون کو لوک سبھا انتخاب اور اڈیشہ میں ہوئے اسمبلی انتخاب کے نتائج آئیں گے۔ اروناچل پردیش اور سکم میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج 2 جون کو برآمد ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔