شراب پالیسی معاملہ: سی بی آئی کی وزیر اعلیٰ کیجریوال سے جیل میں پوچھ گچھ، عام آدمی پارٹی کا بڑی سازش کا الزام

عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیجریوال کی ضمانت پر سماعت سے پہلے بی جے پی حکومت نے سی بی آئی کے ساتھ مل کر سازش کی ہے تاکہ انہیں ضمانت نہ مل سکے

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال / سوشل میڈیا</p></div>

اروند کیجریوال / سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: سی بی آئی نے دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے دو دن تک پوچھ گچھ کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سی بی آئی نے گزشتہ روز تہاڑ جیل میں اروند کیجریوال سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ اب انہیں بدھ کو یعنی آج عدالت میں پیش کرنے کی تیاری ہے۔

مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے پیر کو بھی تہاڑ جیل میں وزیر اعلی اروند کیجریوال سے پوچھ گچھ کی تھی اور ایکسائز پالیسی کیس سے متعلق ان کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔ سی بی آئی نے بدھ کو کیجریوال کو متعلقہ ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کی اجازت بھی حاصل کر لی۔

عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے مرکزی حکومت پر اروند کیجریوال کے خلاف ایک بڑی سازش کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کی جانب سے اروند کیجریوال کو فرضی کیس میں گرفتار کرنے کی سازش رچی جا رہی ہے۔


عآپ لیڈر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سماعت سے پہلے بی جے پی حکومت نے سی بی آئی کے ساتھ مل کر سازش کی ہے تاکہ انہیں ضمانت نہ مل سکے۔

سنجے سنگھ نے کہا، ’’جرائم، مظالم اور زیادتیاں اپنی حدوں کو چھو چکی ہیں۔ سی بی آئی فرضی کیس تیار کر کے اروند کیجریوال کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پورا ملک یہ سب دیکھ رہا ہے، عوام کیجریوال کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا، ’’اس طرح کے فرضی مقدمات درج کر کے اروند کیجریوال کو جیل میں رکھنے، ان کی سیاست کو تباہ کرنے اور عام آدمی پارٹی کو برباد کرنے کے مقصد سے یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کے خلاف ہم سب کو مل کر آواز اٹھانا ہوگی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے منظور کردہ عبوری ضمانت ختم ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو 2 جون کو دوبارہ تہاڑ جیل جانا پڑا تھا۔ اس کے بعد سے عام آدمی پارٹی مسلسل احتجاج کر رہی ہے۔ ہائی کورٹ نے منگل کو ضمانت دینے کے نچلی عدالت کے فیصلے پر روک لگا دی۔ اب سی بی آئی کی پوچھ گچھ اور عدالت میں پیشی کی اجازت کے بعد اروند کیجریوال کی جیل سے باہر آنے کی امید ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔