حزب اختلاف کی 16 جماعتوں کے لیڈران کی ممتا بنرجی کے اجلاس میں شرکت، صدارتی امیدوار کے نام پر غوروخوض متوقع
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے حزب اختلاف کی جانب سے صدارتی امیدوار کا نام طے کرنے کے لیے اجلاس طلب کیا ہے، اس اجلاس میں 16 جماعتوں کے لیڈران شرکت کے لے پہنچ چکے ہیں۔
نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 18 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے آج دہلی میں سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت 22 اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : موموز کھانے سے ایک شخص کی موت! ایمس کی رہنما ہدایات جاری
ممتا بنرجی کے اجلاس میں حزب اختلاف کی متعدد جماتوں کے لیڈران کے پہنچنے کا عمل لگاتار جاری ہے، آخری اطلاع موصول ہونے تک حزب اختلاف کی 16 جماعتوں کے لیڈر ممتا بنرجی کے اجلاس میں پہنچ چکے تھے۔ ممتا بنرجی خود گیٹ پر کھڑے ہو کر تمام لیڈروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔
ممتا بنرجی کے اس اجلاس سے عآپ کے کنوینر اروند کیجرویل اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے دوری بنا لی ہے۔ ممتا بنرجی نے یہ اجلاس آئندہ صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے صدارتی امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔
ممتا بنرجی کے اجلاس میں شرد پوار، پرفل پٹیل، اکھلیش یادو، محبوبہ مفتی، کانگریس کے جے رام رمیش، ملکارجن کھڑگے، ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو، شیو سینا کے سبھاش دیسائی، پرینکا چترویدی، جے ڈی ایس کے ایچ ڈی کمارسوامی، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا، نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ، آر جے پی سے منوج جھا اور اے ڈی سنگھ پہنچ چکے ہیں۔
ان جماعتوں کے لیڈران اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچ چکے ہیں:
کانگریس، سماج وادی پارٹی، شیوسینا، ڈی ایم کے، پی ڈی پی، جنتا دل سیکولر، سی پی آئی، سی پی آئی، آر ایس پی، انڈین یونین مسلم لیگ، آر جے ڈی، این سی پی، ٹی ایم سی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ) لبریشن۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔