پٹنہ میں یوتھ کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں پر لاٹھی چارج، کانگریس کا ریاست گیر احتجاج کا اعلان
بہار کانگریس میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین راجیش راٹھوڑ نے کہا ہے کہ کارکنوں کو ہر ضلع ہیڈکوارٹر میں احتجاج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ احتجاج بے لگام این ڈی اے حکومت کو انتباہ کے طور پر کیا جائے گا۔
بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ریاستی یوتھ کانگریس نے بدھ کو اسمبلی کا گھیراؤ کیا۔ کانگریس کے ذریعے اسمبلی کا یہ گھیراؤ ریاست میں امن و امان کی خراب صورت حال، بڑھتی مہنگائی و بے روزگاری اور پیپر لیک کے خلاف تھا۔ اس دوران پولیس نے انہیں روکنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ پولیس کے ذریعے کی گئی اس لاٹھی چارج پر کانگریس نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جمعرات (25 جولائی) کو ریاست گیر سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
اسمبلی کا یہ گھیراؤ یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی کی قیادت میں ہوا تھا۔ پولیس کے ذریعے کی گئی اس لاٹھی چارج میں سری نواس بی وی زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ کانگریس لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ لاٹھی چارج میں درجنوں کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ بہار یوتھ کانگریس کے صدر غریب داس نے کہا ہے کہ ہم عوامی مسائل پر مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں اور یوتھ کانگریس آخری سانس تک عوامی مسائل کے حل کے لیے لڑتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سینکڑوں کارکنان پر لاٹھی چارج کیا گیا ہے۔ ہم سب کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ ہم ریاست کے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے مسائل کے خلاف لڑتے رہیں گے۔
بہار کانگریس کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے اس ضمن میں کہا ہے کہ 25 جولائی (جمعرات) کو کانگریس کارکنان بہار کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرز پر احتجاج کریں گے۔ بہار کانگریس میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین راجیش راٹھوڑ نے کہا ہے کہ کارکنوں کو ہر ضلع ہیڈکوارٹر میں احتجاج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ احتجاج بے لگام این ڈی اے حکومت کو انتباہ کے طور پر کیا جائے گا۔ یوتھ کانگریس کے اسمبلی کے گھیراؤ کے دوران حکومت کے حکم پر اچانک لاٹھی چارج اور واٹر کینن سے سینکڑوں کارکن زخمی ہو گئے جن کا مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔