ایودھیا میں زمین کی خریداری عروج پر، خریداروں میں سیاسی لیڈران سے لے کر سرکاری افسران تک شامل

نومبر 2019 سے مارچ 2024 تک ایودھیا میں زمین کی رجسٹریوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایودھیا اور آس پاس کے اضلاع گونڈہ و بستی کے کم از کم 25 گاؤں میں زمین کے لین دین کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایودھیا میں رام مندر/ سوشل میڈیا</p></div>

ایودھیا میں رام مندر/ سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

رام مندر کی تعمیر کی شروعات سے ہی ایودھیا سرخیوں میں ہے۔ کبھی لاکھوں کی زمین کروڑوں میں خریدنے کے حوالے سے تو کبھی اس کے مذہبی سیاحتی مرکز بنانے کے حوالے سے۔ حال میں ایودھیا کا ذکر لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کے امیدوار کے شکست اور سماجوادی پارٹی کے امیدوار کی جیت کے حوالے سے بھی ہوا۔ مگر اب ایودھیا کے حوالے سے جو خبر آئی ہے وہ وہاں پر ہو رہی بڑے پیمانے پر زمین کی خریداری سے متعلق ہے۔

اتر پردیش کے اس مذہبی شہر میں زمین کی خریداری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ بڑی بڑی شخصیات سے لے کر سرکاری افسران و لیڈران نے یہاں زمینیں خریدی ہیں۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایودھیا ریئل اسٹیٹ کا ایک اہم مقام بن گیا ہے۔ نومبر 2019 سے مارچ 2024 تک ایودھیا میں زمین کی رجسٹریوں سے پتہ چلتا ہے کہ ایودھیا اور آس پاس کے اضلاع گونڈہ و بستی کے کم از کم 25 گاؤں میں زمین کے لین دین کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان میں سے کئی سودے سیاست دانوں اور افسران کے خاندان کے افراد یا ان سے وابستہ لوگوں نے کیے ہیں۔


ایودھیا میں جن اہم لیڈروں و افسروں نیز ان کے رشتہ داروں نے زمینیں خریدی ہیں؟ ان کے نام کچھ یوں ہیں۔

  • اروناچل پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ چاؤنا مین: نائب وزیر اعلیٰ کے بیٹے چاؤ کان سینگ مین اور آدتیہ مین نے ستمبر 2022 اور ستمبر 2023 میں 3.72 کروڑ روپے کی 3.99 ہیکٹر زمین خریدی۔ اس میں سے 0.768 ہیکٹر زمین گزشتہ سال اپریل میں 98 لاکھ روپے میں فروخت بھی کی گئی۔

  • برج بھوشن شرن سنگھ: سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے بیٹے کرن بھوشن کی کمپنی نندنی انفراسٹرکچر نے جنوری 2023 میں رام مندر سے 8 کلومیٹر دور مہیش پور (گونڈہ) میں 0.97 ہیکٹر زمین 1.15 کروڑ روپے میں خریدی۔ اس میں سے 635.72 ہیکٹر زمین جولائی 2023 میں 60.96 لاکھ روپے میں فروخت کی گئی۔

  • یوپی پولیس ایس ٹی ایف کے سربراہ ایڈیشنل ڈی جی پی امیتابھ یش (آئی پی ایس): ایڈیشنل ڈی جی پی کی ماں گیتا سنگھ نے فروری 2022 سے فروری 2024 کے درمیان 9.955 ہیکٹر زرعی زمین خریدی۔ اس کی قیمت 4.04 کروڑ روپے تھی۔ اس میں سے 0.505 ہیکٹر زمین 20 لاکھ روپے میں فروخت کر دی گئی۔

  • یوپی کے محکمہ داخلہ کے سکریٹری سنجیو گپتا (آئی پی ایس): ان کی اہلیہ ڈاکٹر چیتنا گپتا نے 5 اگست 2022 کو مندر سے 14 کلومیٹر دور بنویر پور (ایودھیا) میں 253 مربع میٹر رہائشی زمین 35.92 لاکھ روپے میں خریدی۔ سنجیو گپتا کا کہنا ہے کہ وہ زمین اب بیچ دی گئی ہے۔

  • اروند کمار پانڈے، جوائنٹ ڈائریکٹر، یوپی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ: اروند کمار پانڈے اور ان کی بیوی ممتا نے جون اور اگست 2023 کے درمیان 64.57 لاکھ روپے میں مندر سے 7 کلومیٹر دور شاہنواز پور ماجھا (ایودھیا) میں 1,051 مربع میٹر رہائشی زمین خریدی۔ بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے اروند کمار پانڈے فی الحال معطل ہیں۔

  • مہابل پرساد، ڈپٹی چیف انجینئر، ریلوے: ڈپٹی چیف انجینئر کے بیٹے انشول نے مشترکہ طور پر 0.304 ہیکٹر زرعی زمین مندر سے 7 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک دیگر شخص کے ساتھ نومبر 2023 میں 24 لاکھ روپے میں خریدی۔ اس کے بارے میں مہابل پرساد کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر ترقی یافتہ علاقہ ہے، ابھی تک کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے۔

  • ایڈیشنل ایس پی (علی گڑھ) پلاش بنسل (آئی پی ایس): پلاش بنسل کے والد دیشراج بنسل نے اپریل 2021 میں دہلی کے ایشور بنسل کے ساتھ مندر سے 15 کلومیٹر دور راجے پور اپرہار (ایودھیا) میں 1781.03 مربع میٹر رہائشی زمین 67.68 لاکھ روپے میں خریدی۔

  • ایس پی (امیٹھی) انوپ کمار سنگھ (آئی پی ایس): انوپ کمار کے رشتہ دار شیلیندر سنگھ اور منجو سنگھ نے مشترکہ طور پر 21 ستمبر 2023 کو مندر سے 9 کلومیٹر دور درگا گنج (گونڈہ) میں 4 ہیکٹر زرعی زمین 20 لاکھ روپے میں خریدی ہے۔ انوپ کا کہنا ہے کہ اس زمین کی خریداری سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

  • یوپی کے سابق ڈی جی پی یشپال سنگھ (ریٹائرڈ آئی پی ایس): یشپال سنگھ نے دسمبر 2020 اور ستمبر 2023 کے درمیان مندر سے 14 کلومیٹر دور بنویر پور (ایودھیا) میں 0.427 ہیکٹر زرعی زمین اور 132.7137 مربع میٹر رہائشی زمین 73 لاکھ روپے میں خریدی۔

  • پرنسپل چیف پرسنل آفیسر (نارتھ سینٹرل ریلوے) انوراگ ترپاٹھی: انوراگ کے والد مدن موہن ترپاٹھی نے 1.57 ہیکٹر زرعی زمین اور 640 مربع میٹر رہائشی زمین 2.33 کروڑ روپے میں خریدی۔ پچھلے سال انہوں نے ودیا گروکلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کو 1.2324 ہیکٹر اراضی 3.98 کروڑ روپے میں منتقل کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے، جس میں وہ خود سکریٹری ہیں۔

ان کے علاوہ ہریانہ یوگا کمیشن کے چیئرمین جے دیپ آریہ، بی جے پی ایم ایل اے اجے سنگھ کے بھائی کرشن کمار سنگھ اور ان کے بھتیجے سدھارتھ، بی جے پی لیڈر اور گوسائی گنج نگر پنچایت صدر وجے لکشمی جیسوال کے رشتہ دار مدن جیسوال، بی جے پی لیڈر اور امیٹھی ضلع پنچایت کے صدر راجیش، بی ایس پی کے سابق ایم ایل اے جتیندر کمار کے بھائی ونود سنگھ، سابق بی جے پی ایم ایل سی چندر پرکاش شکلا، سابق ایس پی ایم ایل سی راکیش رانا کے بیٹے رشبھ اور بی ایس پی کے سابق ایم ایل سی شیام نارائن سنگھ کی بیٹی پرمیلا سنگھ نے بھی ایودھیا میں زمینیں خریدی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔