لالو یادو نے جمع کر دیئے جرمانے کے 10 لاکھ روپے، سی بی آئی کورٹ سے رہائی کا حکم جاری

یہ ڈورنڈا ٹریزری سے غیر قانونی طور پر 139 کروڑ روپے نکالے جانے کا معاملہ ہے، 1990 سے 1995 کے درمیان ڈورنڈا ٹریزری سے یہ رقم نکالی گئی تھی۔

لالو پرساد یادو، تصویر آئی اے این ایس
لالو پرساد یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

سی بی آئی کورٹ نے چارہ گھوٹالے سے جڑے ڈورنڈا ٹریزری معاملے میں سزا یافتہ لالو پرساد یادو کی ضمانت کے لیے حکم جاری کر دیا ہے۔ اس سے پہلے لالو نے رہائی کے لیے 10 لاکھ روپے عدالت میں جمع کر دیئے۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے بدھ کو ضمانتی بانڈ ذیلی عدالت میں بھیج دیا گیا تھا۔ لالو پرساد کے وکیل پربھات کمار نے بتایا کہ ضمانتی بانڈ بھر دیا گیا ہے۔ اب انھیں کسی بھی وقت جیل سے ضمانت پر رِہا کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ ڈورنڈا ٹریزری سے 139 کروڑ روپے نکالے جانے کا معاملہ ہے۔ 1990 سے 1995 کے درمیان ڈورنڈا ٹریزری سے یہ رقم نکالی گئی تھی۔ 27 سال بعد عدالت نے رواں سال فروری میں اس گھوٹالے سے متعلق اپنا فیصلہ سنایا تھا جس میں لالو یادو کو قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں لالو یادو کو پانچ سال کی سزا ہوئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ لالو یادو چائباسا ٹریزری، دیوگھر ٹریزری اور دمکا ٹریزری معاملے میں بھی ضمانت پر ہیں۔ چائباسا ٹریزری سے 37 کروڑ روپے اور 33 کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی معاملے 5-5 سال کی سزا ہوئی تھی۔ نصف مدت کاٹنے کے بعد سے لالو پرساد ضمانت پر ہیں۔ دیوگھر ٹریزری سے 79 لاکھ روپے غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں انھیں ساڑھے تین سال کی سزا ہوئی ہے۔ اس معاملے میں بھی وہ سزا کی نصف مدت گزارنے اور خراب صحت کی بنیاد پر ضمانت پر ہیں۔ اسی طرح دمکا ٹریزری سے 3.13 کروڑ کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں لالو کو الگ الگ دفعات میں 7-7 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس کیس میں انھیں اپریل 2021 میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے ضمانت مل گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔