ہندوستان میں کورونا نے پکڑی رفتار، 24 گھنٹے میں 3303 کیسز، صرف دہلی میں 1367 معاملے آئے سامنے

دہلی میں روزانہ ہی کووڈ کے نئے معاملوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں یعنی بدھ کے روز راجدھانی میں کووڈ کے 1367 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔

کورونا، تصویر آئی اے این ایس
کورونا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا نے رفتار پکڑ لی ہے۔ کچھ دنوں پہلے کی ہی بات ہے جب روزانہ 1000 سے کم نئے کیسز دیکھنے کو مل رہے تھے، لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں کی بات کی جائے تو نئے کیسز کی تعداد 3303 پہنچ گئی ہے۔ کورونا کی اس بڑھی ہوئی رفتار نے لوگوں کی فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔ تازہ کیسز کے بعد ہندوستان میں سرگرم کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر تقریباً 17 ہزار پہنچ گئی ہے۔

حکومت کے ذریعہ پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق روزانہ کی پازیٹویٹی شرح بھی بڑھ کر 0.66 فیصد ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 2563 نئے مریض بھی ٹھیک ہوئے ہیں۔ مجموعی تعداد پر نظر ڈالیں تو کورونا سے متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر 4 کروڑ 25 لاکھ 28 ہزار 126 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ وبا کی زد میں آ کر 5 لاکھ 23 ہزار 693 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 39 لوگ اپنی جان کورونا کے سبب گنوا چکے ہیں۔


غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کورونا کی یہ بڑھی ہوئی رفتار سب سے زیادہ راجدھانی دہلی کو پریشان کر رہی ہے۔ دہلی میں روزانہ ہی کووڈ کے نئے معاملوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں یعنی بدھ کے روز راجدھانی میں کووڈ کے 1367 نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اس سے پہلے 6 فروری کو دہلی میں 1410 نئے معاملے درج کیے گئے تھے۔ دہلی میں لگاتار چھٹے دن کووڈ انفیکشن کے 1 ہزار سے زائد معاملے درج ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا انفیکشن کے کل معاملے 16 دسمبر 2020 کو 60 لاکھ، 11 اکتوبر 2020 کو 70 لاکھ، 29 اکتوبر 2020 کو 80 لاکھ اور 20 نومبر کو 90 لاکھ کے پار چلے گئے تھے۔ ملک میں 19 دسمبر 2020 کو یہ معاملے ایک کروڑ سے زیادہ ہو گئے تھے۔ گزشتہ سال چار مئی کو متاثرین کی تعداد 2 کروڑ اور 23 جون 2021 کو تین کروڑ کے پار پہنچ گئی تھی۔ اس سال 26 جنوری کو معاملے 4 کروڑ کے پار ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔