لکھیم پور کھیری تشدد: مرکزی وزیر اجئے مشرا کے ملزم بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت عرضی سپریم کورٹ سے خارج
سپریم کورٹ نے ملزم آشیش مشرا کی ضمانت عرضی خارج کر دی ہے، عدالت عظمیٰ نے آشیش مشرا کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ٹرائل کورٹ 29 نومبر یا ایک ہفتہ کے اندر الزام طے کرے۔
لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں مرکزی وزیر اجئے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کو سپریم کورٹ سے جھٹکا لگا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ملزم آشیش مشرا کی ضمانت عرضی خارج کر دی ہے۔ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے حکم دیا ہے کہ ٹرائل کورٹ 29 نومبر یا ایک ہفتہ کے اندر الزام طے کرے۔ اس کے بعد 12 دسمبر کو اس عرضی پر سپریم کورٹ سماعت کرے گا۔ تب تک آشیش مشرا کو ضمانت نہیں ملے گی۔
آشیش مشرا کی طرف سے عرضی میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 11 مہینے سے جیل میں ہیں۔ کسان تحریک چل رہا تھا۔ کسان گھیراؤ کر رہے تھے۔ گولی چلنے کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔ گاڑی بے قابو ہونے کا معاملہ ہے۔ اس میں ہائی کورٹ کے جج کی قیادت میں جانچ بھی ہو چکی ہے۔ چارج شیٹ بھی داخل کی جا چکی ہے۔
اس سے پہلے سپریم کورٹ نے مرکزی وزیر اجئے کمار مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کی ضمانت عرضی پر جواب داخل کرنے کے لیے یوپی حکومت کو دو ہفتے کا وقت دیا تھا۔ وہیں متاثرہ کنبوں نے ضمانت کی مخالفت کی تھی۔
واضح رہے کہ آشیش مشرا کو اس معاملے میں گزشتہ سال 9 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 3 اکتوبر 2021 کو لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے احتجاجی مظاہرہ کے دوران ہوئے تصادم میں چار کسانوں سمیت آٹھ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ لکھیم پور کھیری میں مشرا کی کار سے کچلے گئے کسانوں کے کنبوں کے اراکین نے انھیں ملی ضمانت کو چیلنج پیش کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کا رخ کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔