لیتھم اور ولیمسن کے سامنے چھوٹا پڑ گیا 307 رن کا ہدف، نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 7 وکٹ سے دی شکست

کیوی ٹیم نے 307 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا اور پہلے ون ڈے میچ میں ٹیم انڈیا کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کی اس جیت کے ہیرو کین ولیمسن اور ٹام لیتھم رہے

تصویر ٹوئٹر / @ICC
تصویر ٹوئٹر / @ICC
user

قومی آواز بیورو

آکلینڈ: نیوزی لینڈ میں تین ایک روزہ میچوں کی سریز کے پہلے مقابلہ میں ہندوستانی گیند باز 307 رنز کے ہدف کا دفاع نہیں کر سکے اور نیوزی لینڈ نے 47.1 اوورز میں ہی یہ میچ جیت لیا۔ ولیمسن اور ٹام لیتھم نے نیوزی لینڈ کے لیے 221 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔ اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 7 وکٹوں پر 306 رنز بنائے۔

ٹیم انڈیا کی جانب سے پہلا مقابلہ کھیل رہے عمران ملک نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سب سے زیادہ 2 وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے 68 کے اسکور پر کونوے اور 88 کے اسکور پر مچل کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے شاردل ٹھاکر نے فن ایلن کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے علاوہ کوئی بھی گیندباد کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکا۔ عمران ملک نے 10 اوور میں 66 رن دے دو وکٹ لئے جبکہ شاردل ٹھاکر نے 9 اوور میں 63 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس نے 100 رنز کے اندر 3 وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد ولیمسن اور لیتھم نے ہندوستان کے ہاتھ سے میچ چھین لیا۔ لیتھم نے ناقابل شکست 145 رنز بنائے جس میں 19 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ لیتھم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی کین ولیمسن 98 گیندوں پر 94 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ولیمسن نے سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ولیمسن اور ٹام لیتھم کے درمیان 221 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی۔


قبل ازیں، ایڈن پارک میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شکھر اور شبھمن کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے نیوزی لینڈ کے گیندبازی حملہ کا بخوبی جواب دیا اور پہلے وکٹ کے لئے شاندار 124 رنز جوڑے۔ دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان نے رشبھ پنت (15) اور جارح بلے باز سوریہ کمار یادو (4) کی شکل میں دو وکٹیں جلدہی گنوائیں جس سے رنز کی رفتار متاثر ہوئی۔ لیکن شریس ایر نے ایک طرف مورچہ سنبھالا اور سنجو سیمسن کے ساتھ مل کر 64 رن کی عمدہ شراکت نبھائی جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لئے 307 رن کا ہدف رکھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہچان بنانے والے ارشدیپ سنگھ اور تیز گیند باز عمران ملک کو پہلی بار ہندوستان کی ون ڈے ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا ہے جب کہ نیوزی لینڈ نے کرس براؤن کو پہلی بار پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیےمشہور سوریا کمار یادو نے آج مایوس کیا اور فرگیوسن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے آوٹ ہوگئے لیکن دوسری طرف شریس ایر نے سنجوسیمسن کے ساتھ مل کر ٹیم کے لئے مزید رن جوڑنا شروع کیا۔


آخری اوور میں ساؤتھی کی گیند پر آوٹ ہونے سے پہلے شریس ٹیم کو اسکور کو 300 سے اوپر لے جاچکے تھے۔انہوں نے 76 گیندوں میں چار چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ اس سے پہلے ایڈم ملنے کی گیند پر آوٹ ہونے والے سنجو نے 38 گیندوں پر 36 رن کی اننگز کھیلی۔

کپتان دھون نے 77 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے جبکہ شبھمن نے ایک چوکے اور تین شاندارچھکوں کی مدد سے 65 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم، 24 ویں اوور میں وہ لوکی فرگوسن کی گیند پر ڈیون کونوے کے ہاتھوں اسکوائر لیگ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شبھمن کے آؤٹ ہونے کے بعد دھون بھی اگلے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر فل ایلن کو کیچ دے بیٹھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔