’کیشو پرساد موریہ نے کھیل کر دیا، چند ماہ میں جا سکتی ہے وزیر اعلیٰ یوگی کی کرسی! سماجوادی پارٹی کا دعویٰ
سماجوادی نے کہا ہے کہ اپنے گھر پر لیڈروں سے ملاقات کرکے کیشو موریہ نے وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف اندر ہی اندر کھیل کر دیا ہے۔ ممکنہ طور پر آئندہ چند ماہ میں وزیر اعلیٰ یوگی کی کرسی چلی جائے گی۔
اتر پردیش میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے درمیان کشیدگی اب عروج پر پہنچ چکی ہے۔ اس ضمن میں روز کچھ نہ کچھ نیا سامنے آ رہا ہے۔ بی جے پی کی اس اندرونی خلفشار کے درمیان اب سماجوادی پارٹی نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے کھیل کر دیا ہے اور اب چند ماہ میں وزیر اعلیٰ یوگی اقتدار سے بے دخل ہو سکتے ہیں۔
سماجوادی پارٹی نے سوشل میڈیا پلٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا ہے، جس میں اس نے وزیر اعلیٰ یوگی کے اقتدار سے بے دخل ہونے کی پیشین گوئی کی ہے۔ سماجوادی نے کہا ہے کہ اپنے گھر پر لیڈروں سے ملاقات کر کے کیشو موریہ نے وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف اندر ہی اندر کھیل کر دیا ہے۔ ممکنہ طور پر آئندہ چند ماہ میں وزیر اعلیٰ یوگی کی کرسی چلی جائے گی۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کیشو موریہ اپنی قیادت میں گروپ تیار کر رہے ہیں جو ریاستی صدر بھوپیندر چودھری اور وزیر اعلیٰ یوگی کے خلاف بول رہا ہے اور ریاستی صدر و وزیر اعلیٰ کے خلاف اس بغاوت کو کیشو موریہ دھار اور طاقت دے رہے ہیں۔ سماجوادی نے مزید کہا ہے کہ بھوپیندر چودھری اور وزیر اعلیٰ یوگی دونوں کیشو موریہ کے رڈار پر ہیں اور کیشو دونوں کے خلاف کھل کر کھیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد بی جے پی میں زبردست کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ کئی لیڈران کھل کر حکومت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ حال ہی میں لکھنؤ میں بی جے پی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کیشو موریہ نے پارٹی کو حکومت سے بڑا کہا جس کے بعد ریاست کی سیاست مزید گرم ہوگئی ہے۔ لکھنؤ سے دہلی تک بی جے پی لیڈران کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران بی جے پی کے کئی اہم لیڈروں نے بھی کھل کر کیشو پرساد موریہ کے بیان کی حمایت کی ہے۔
بی جے پی کے درمیان جاری اس اندرونی کشیدگی کے عین درمیان سماجوادی پارٹی نے ’مانسون آفر‘ دے کر ریاست کی سیاست میں مزید ہلچل مچا دی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات (18 جولائی) کو ایک پوسٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’مانسون آفر، 100 لاؤ، سرکار بناؤ‘۔ اکھلیش یادو نے اپنے اس مانسون آفر کی پوسٹ میں گو کہ کسی کا نام نہیں لیا تھا لیکن سیاسی حلقوں میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ انہوں نے یہ آفر کیشو پرساد موریہ کو دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔