کیجریوال حکومت نصف بجلی بل کا وعدہ کر کے دوگنا بل وصول کر رہی: دیویندر یادو

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں آج دہلی کانگریس کارکنان نے بجلی شرحوں میں اضافہ کے خلاف ریاست گیر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں مہنگی بجلی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی کانگریس لیڈران و کارکنان</p></div>

دہلی میں مہنگی بجلی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے دہلی کانگریس لیڈران و کارکنان

user

قومی آواز بیورو

دہلی اسمبلی انتخاب میں بغیر کسی اتحاد کے تنہا اترنے کا فیصلہ کر چکی کانگریس کیجریوال حکومت کو بدتر حکمرانی کے لیے لگاتار تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ دہلی میں بجلی بل کے اضافہ کو لے کر آج دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں سبھی ضلع کانگریس کمیٹیوں نے ریاست گیر سطح پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پوری دہلی میں 55 سے بھی زیادہ چوراہوں اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں کانگریس کارکنان نے دہلی حکومت کے ذریعہ بجلی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے بجلی بلوں پر پی پی اے سی فیس میں تقریباً 9 فیصد اضافہ کے خلاف عظیم الشان مظاہرہ کیا۔ اس تعلق سے ریاستی صدر دیویندر یادو نے کہا کہ آگے بھی عوام سے جڑے ہر ایشو پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ 2015 سے 21-2020 تک 5 سالوں میں صارفین کو 200 یونٹ کے تحت 11743 کروڑ روپے سبسیڈی دے کر بجلی بل میں چھوٹ دی گئی اور بلوں پر پی پی اے سی، پنشن، فکس چارج، سرچارج، ریگولیٹری چارج وغیرہ کی شکل میں 37227 کروڑ روپے کی لوٹ کی گئی۔ بند پڑے مکانات، کاروباری اداروں کے بھی بجلی کے بل سرچارج لگا کر آ رہے ہیں جو صارفین کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ استمعال سے کہیں زیادہ بجلی کے بل لوگوں کو مل رہے ہیں اور کانگریس کے وقت اوسطاً فی یونٹ تقریباً 5 روپے تھا جو نصف بل کے مطابق اب 2.50 روپے ہونا چاہیے تھا۔ حالانکہ کیجریوال حکومت صارفین سے اوسطاً فی یونٹ 10 روپے وصول کر رہی ہے جو متوسط طبقہ، چھوٹے دکانداروں، چھوٹی صنعتوں، صنعتی یونٹس اور کمرشیل اداروں پر بھاری معاشی بوجھ پڑے گا۔ راجدھانی میں رہائشی اور کمرشیل علاقہ میں بجلی سب سے مہنگی ہے جس سے عوام پریشان ہے۔

کیجریوال حکومت نصف بجلی بل کا وعدہ کر کے دوگنا بل وصول کر رہی: دیویندر یادو

دہلی کانگریس صدر نے بجلی شرحوں میں اضافہ کے خلاف منڈی ہاؤس پر کانگریس کارکنان کے مظاہرہ کے دوران جمع لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال نے دہلی والوں سے بجلی بلوں کو نصف کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن جو بل نصف ہونے تھے، وہ دوگنے ہو گئے ہیں۔ حکومت گزشتہ 10 سالوں سے بجلی صارفین پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہے اور جولائی 2022 میں 6 فیصد، جون 2023 میں 10 فیصد اور اب 2024 میں بجلی بل پر پی پی اے سی سرچارج میں 9 فیصد کا اضافہ کر کے دہلی کی عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جہاں 2015 میں بجلی بل پر پی پی اے سی فیس 1.7 فیصد تھا، وہ 8.7 فیصد کے بعد 46 فیصد ہو گیا ہے۔ کیجریوال حکومت بجلی کی شرحوں میں اضافہ نہ کر کے ہر سال پچھلے دروازے سے پی پی اے سی میں اضافہ کر رہی ہے۔

آج کانگریس کے ذریعہ بڑھتے بجلی بل کے خلاف کیے گئے ریاست گیر مظاہرہ میں مظاہرین ہاتھوں میں تختیاں لیے ’کیجریوال ہائے ہائے‘، ’بڑھے ہوئے بجلی بل کم کرو، کم کرو‘، ’وعدہ تھا بل ہاف، بڑھے ہوئے بلوں سے جیب صاف‘ وغیرہ نعرے لگا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔