کشمیر: مشہور ولر جھیل کی خوبصوری میں لگیں گے چار چاند، ارد گرد نان موٹریبل واک وے تعمیر کرنے کی تیاری
صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ ولر جھیل کے ارد گرد نان موٹر یبل واک وے تعمیر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اس کی طرف راغب ہوسکیں۔
سری نگر: صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں واقع ایشیا کی سب سے بڑی جھیل ’وُلر‘ کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگانے کے لئے اس کے ارد گرد نان موٹر ایبل واک وے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھیل ولر اڑیسہ کے مشہور چلیکا جھیل سے بھی بعض لحاظ سے زیادہ خوبصورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہاراشٹر میں سوائن فلو کا خطرہ، جولائی تک 512 کیسز کی تصدیق
موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار 26 آسام رائفلز کی ولر بٹالین اور ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کی طرف سے منعقدہ ’ولر فسٹیول‘ کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ولر جھیل کے ارد گرد نان موٹر یبل واک وے تعمیر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اس کی طرف راغب ہوسکیں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اڑیسہ کا جھیل چلیکا سیاحت کے لئے دنیا میں مشہور ہے لیکن جھیل ولر حیاتیاتی تنوع اور دیگر قدرتی وسائل کے لحاظ سے اس سے زیادہ خوبصورت ہے‘۔
صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ ولر جھیل میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت تبدیل کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2019 کے بعد وادی میں سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ درج ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ سال رواں کے دوران اب تک قریب پچیس لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات کی سیر کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔