کشمیر: ای ڈی نے علاحدگی پسند لیڈر شبیر شاہ کا رہائشی مکان منسلک کیا

ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ شبیر احمد شاہ ولد غلام محمد شاہ کی 21 لاکھ روپیے 80 ہزار روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت عارضی طور پر منسلک کر دیا ہے۔

شبیر احمد شاہ، تصویر آئی اے این ایس
شبیر احمد شاہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعے کے روز علاحدگی پسند لیڈر شبیر احمد شاہ کے یہاں صنعت نگر علاقے میں واقع رہائشی مکان کو ملی ٹنسی سے متعلق سرگرمیوں کو ہوا دینے کے معاملے سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں عارضی طور پرمنسلک کر دیا۔

ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ای ڈی نے بوٹ شاہ کالونی صنعت نگر جو پولیس تھانہ برزلہ سری نگر کے حد اختیار میں آتا ہے، میں واقع شبیر احمد شاہ ولد غلام محمد شاہ کی 21 لاکھ روپیے 80 ہزار روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت عارضی طور پر منسلک کر دیا ہے۔


بیان کے مطابق ای ڈی نے حافظ سعید اور دیگر افراد کے خلاف آئی پی سی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت 30 مئی 2017 کو درج ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ’دوران تحقیقات یہ بات منکشف ہوئی کہ شبیر احمد شاہ کشمیر میں بد امنی کو ہوا دینے کے لئے پتھر بازی، ہڑتال، بند، احتجاج اور دیگر تخریبی سرگرمیاں انجام دلوانے میں سرگرم عمل تھا‘۔

ای ڈی بیان میں کہا گیا کہ ’پی ایم ایل اے کے تحت کی گئی مزید تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا کہ شبیر احمد شاہ حزب المجاہدین اور پاکستان نشین دیگر ملی ٹنٹ تنظمیوں اور پاکستانی حکومت کی طرف سے حوالا اور دیگر ذرائع سے فنڈس حاصل کر رہا تھا جس کو وادی کشمیر میں ملی ٹنسی سے متعلق سرگرمیوں کو حمایت کرنے کے لئے صرف کیا جا رہا تھا‘۔


بیان کے مطابق اس کیس کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بتادیں کہ شبیر شاہ کو ای ڈی نے سال2017 میں منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا اور وہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ قبل ازیں ای ڈی نے دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی کے صورہ سرنگر میں واقع مکان کو منسلک کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔