آلودگی کی وجہ سے دہلی میں پرائمری اسکول کل سے بند، طاق و جفت فارمولہ بھی نافذ ہونے کا امکان
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ راجدھانی دہلی کے پرائمری اسکول کل 5 نومبر سے بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ پانچویں جماعت سے اوپر کی کلاسوں کے لیے تمام بیرونی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ راجدھانی دہلی کے پرائمری اسکول کل 5 نومبر سے بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ پانچویں جماعت سے اوپر کی کلاسوں کے لیے تمام بیرونی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ دہلی میں گاڑیوں کے لیے طاق و جفت فارمولہ کے نفاذ پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے یہ اعلان پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
اس پریس کانفرنس میں اروند کیجریوال نے پنجاب اور دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر کہا کہ ایک ریاست کی آلودہ ہوا ایک ریاست میں نہیں رہتی بلکہ ہر ریاست میں جاتی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ آلودگی صرف دہلی کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ہریانہ، یوپی اور پورے شمالی ہندوستان میں ہوا کی حالت خراب ہے۔ ایسے میں یہ وقت ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا نہیں ہے۔ مرکز کو آگے آ کر قدم اٹھانے ہوں گے تاکہ شمالی ہندوستان کو اس سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور دہلی میں ہماری حکومت ہونے کے باوجود یہ ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کا وقت نہیں ہے۔ اس سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں پرالی جلائی جا رہی ہے، جس کے لئے صرف کسان ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ ہم ہیں۔ ہم کوئی الزام تراشی کا کھیل نہیں کھیلنا چاہتے۔ پرالی کے لئے ہمیں کسانوں کو کوئی راستہ فراہم کرنا ہوگا، کیونکہ ان کے پاس اسے جلانے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ پرالی جلانے میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو خطرناک ہے۔ ہم عدالت سے استدعا کرتے ہیں کہ آج یا کل اس معاملہ کی سماعت کی جائے۔
کیجریوال نے کہا کہ ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مرکز کو بھی آگے بڑھنا ہوگا۔ وزرائے اعلیٰ کا مشترکہ اجلاس اور ماہرین سے مشاورت ضروری ہے۔ راجستھان کے بھیواڑی میں اے کیو آئی تشویشناک سطح پر ہے۔ موتیہاری، بہار میں ہوا کا معیار خراب ہے۔ راجستھان اور بہار میں ہوا کے خراب معیار کے لیے پنجاب کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ یہ پورے شمالی ہندوستان کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال تک پرالی جلانے میں کمی آئے گی، کسانوں کے ساتھ مل کر سخت اقدامات کریں گے۔ پنجاب میں ہماری حکومت کو صرف 6 ماہ ہوئے ہیں، ہمیں کچھ وقت دیں۔ بھگونت مان کی حکومت پہلے ہی کئی اقدامات کر چکی ہے۔ ان میں سے کچھ کا اثر ہوا، کچھ کا نہیں ہوا۔
اس دوران کیجروال نے یہ بھی کہا کہ آلودگی کے پیش نظر دہلی میں پرائمری اسکول کل سے بند رہیں گے اور طاق ٹریفک کے پلان پر بھی غور کیا جائے گا۔
بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) میں پہلی سے آٹھویں جماعت کے لیے 8 نومبر تک اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں کو سینئر کلاسز کے لیے آن لائن کلاسز منعقد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے اور تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔