کرناٹک: سدارمیا کی حلف برداری تقریب میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہوں گے شامل، سیکورٹی کے سخت انتظامات

انتہائی خاص مہمانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، کرناٹک پولیس نے سیکورٹی کے لیے 12 اے سی پی، 11 ریزرو پولیس انسپکٹر، 24 اے ایس آئی، 206 کانسٹیبل تعینات کیے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>(دائیں سے بائیں) سدارمیا، راہل گاندھی، ڈی کے شیو کمار، پرینکا گاندھی</p></div>

(دائیں سے بائیں) سدارمیا، راہل گاندھی، ڈی کے شیو کمار، پرینکا گاندھی

user

قومی آواز بیورو

کرناٹک میں زبردست جیت کے بعد کانگریس کے لیے 20 مئی بہت اہم دن ہے۔ ہفتہ کے روز سدارمیا کی وزیر اعلیٰ کے طور پر اور ڈی کے شیوکمار کی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری ہونے والی ہے جس کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ حلف برداری تقریب کانتیروا اسٹیڈیم میں ہوگی جہاں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور وی آئی پی لیڈران سمیت ایک لاکھ سے زائد لوگوں کے شریک ہونے کی امید ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ سدارمیا نے 2013 میں بھی اسی جگہ پر وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کانتیروا اسٹیڈیم میں 25 ہزار سے زیادہ لوگوں کے بیٹھنے کی صلاحیت ہے۔ افسران کھیل کے میدان میں باقی لوگوں کو یکجا کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ سبھی مہمانوں کے عالیشان استقبال کے ساتھ ان کے بیٹھنے اور ان کی سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس تقریب سے متعلق سبھی انتظامات خود نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے لیے تیار ڈی کے شیوکمار دیکھ رہے ہیں۔ کرناٹک کانگریس صدر شیوکمار نے آج کانگریس لیڈران کے ساتھ کانتیروا انڈور اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔


اس تقریب سے متعلق جو آفیشیل سرکلر سامنے آیا ہے اس میں 11 وی وی آئی پی شخصیت کے شامل ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس تقریب میں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، پڈوچیری کے وزیر اعلیٰ این رنگاسوامی اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین شریک ہو رہے ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھی مدعو کیا گیا ہے لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر وہ شامل نہیں ہو سکیں گی، لیکن اپنی نمائندگی کے لیے ایک رکن پارلیمنٹ کو بھیجنے کا ارادہ کیا ہے۔

خصوصی ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس کے لیے انتخابی تشہیر میں حصہ لینے والے کنڑ سپراسٹار شیوراج کمار کو بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور کانگریس کے سرکردہ لیڈران کو ’زیڈ پلس‘ اور ’زیڈ‘ کیٹگری کی سیکورٹی کے مدنظر تیاریوں کو دھیان میں رکھا گیا ہے۔ سخت سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے سی آر پی ایف کی تعیناتی کی جائے گی۔ فل پروف سیکورٹی یقینی کرنے کے لیے ’اے ایس ایل‘ میٹنگ منعقد کی جا رہی ہے۔


کرناٹک پولیس نے سیکورٹی کے لیے 12 اے سی پی، 11 ریزرو پولیس انسپکٹر، 24 اے ایس آئی، 206 کانسٹیبل تعینات کیے ہیں۔ اس درمیان ٹریفک کے ایڈیشنل کمشنر ایم اے سلیم نے بنگلورو کے ان 122 امتحان مراکز کے آس پاس حکم امتناع نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں کامن انٹرینس ٹیسٹ (سی ای ٹی) منعقد کیا جا رہا ہے۔ سی ای ٹی میں ریاست بھر کے دو لاکھ سے زیادہ طالب علم شامل ہوں گے۔ امتحان 20 اور 21 مئی کو پورے دن منعقد کیا جائے گا۔ حلف برداری تقریب کے سبب طلبا کو پہلے امتحان مراکز پر پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

کرناٹک اگزامنیشن اتھارٹی (کے ای اے) کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رامیا نے کہا ہے کہ سی ای ٹی امتحان کے لیے سبھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ جو طلبا کانتیروا انڈور اسٹیڈیم کے پاس واقع امتحان مراکز میں امتحان دیں گے، انھیں دو گھنٹے پہلے پہنچنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ دوپہر میں امتحان دینے والے طلبا ٹریفک میں پھنس سکتے ہیں اور انھیں بہت پہلے امتحان کے لیے گھر سے نکل جانا چاہیے۔ طلبا کو بڑی تعداد میں اس تعلق سے میسج بھیجے جا رہے ہیں اور فون پر اس کی جانکاری بھی دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔