کرناٹک انتخابی نتائج: کانگریس نے بی جے پی کو ہی نہیں، بیشتر ’ایگزٹ پول‘ کو بھی دے دی شکست

10 اہم ایگزٹ پول میں سے صرف ایک ایگزٹ پول ایسا ہے جسے ہم صد فیصد درست قرار دے سکتے ہیں، اور وہ ایگزٹ پول تھا انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا کا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

10 مئی کو جب کرناٹک کی 224 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی، تو اس کے بعد مختلف ٹی وی چینلز اور اداروں کے ذریعہ ایگزٹ پول جاری کیے گئے۔ بیشتر ایگزٹ پول میں کانگریس کو سب سے بڑی پارٹی دکھایا گیا تھا، لیکن آج جب انتخابی نتائج برآمد ہوئے تو کانگریس نے نہ صرف بی جے پی کو شکست فاش دے دی، بلکہ بیشتر ایگزٹ پول کو بھی شکست دے دی۔ یعنی ایگزٹ پول کے اندازے کو غلط ثابت کرتے ہوئے امید سے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کانگریس نے کیا۔

اگر ہم 10 اہم ایگزٹ پول کی بات کریں تو یہ جن کی بات، نیوز نیشن-سی جی ایس، زی نیوز-میٹریز، ٹائمز ناؤ-ای ٹی جی، انڈیا ٹی وی-سی این ایکس، انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا، نیوز 24-ٹوڈیز چانکیہ، اے بی پی نیوز-سی ووٹر، ریپبلک-پی مارکیو، ٹی وی 9 بھارت وَرش- پولسٹریٹ کے ذریعہ جاری کیے گئے۔ ان 10 میں سے صرف ایک ایگزٹ پول ایسا ہے جسے ہم صد فیصد درست قرار دے سکتے ہیں، اور وہ ایگزٹ پول تھا انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا کا۔ اس نے کانگریس کو 122 سے 140 سیٹیں، بی جے پی کو 62 سے 80 سیٹیں اور جے ڈی ایس کو 20 سے 25 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ اگر ہم ریزلٹ پر نظر ڈالیں تو کانگریس کو 136، بی جے پی کو 65 اور جے ڈی ایس کو 19 سیٹیں ملی ہیں۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ 10 اہم ایگزٹ پول میں سے انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا کے علاوہ کسی نے بھی کانگریس کو 120 سے زیادہ سیٹیں نہیں دی تھیں، اور کسی نے بی جے پی کو 78 سے کم سیٹیں بھی نہیں دی تھیں۔ یعنی کہا جا سکتا ہے کہ کرناٹک کے ووٹرس اور کانگریس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ بی جے پی لیڈران جو لگاتار دعویٰ کر رہے تھے کہ ایگزٹ پول غلط ثابت ہوگا، ایسا ہوا ضرور ہے لیکن یہ کانگریس کے حق میں ہی چلا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔