’کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوا، محبت کی دکانیں کھل گئیں‘، کانگریس کی نمایاں کارکردگی پر راہل گاندھی کا رد عمل
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نے پانچ وعدے کیے تھے، کہا تھا کہ انہیں کابینہ کی پہلی میٹنگ میں پورا کریں گے، اور اب پھر کہتا ہوں کہ یہ وعدے پورے کیے جائیں گے۔‘‘
کرناٹک اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی نمایاں کارکردگی کے بعد پارٹی لیڈران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جیسے جیسے نتائج کا اعلان ہو رہا ہے، پارٹی لیڈران سامنے آ کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی پارٹی کی کامیابی پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے نفرت پر محبت کی جیت قرار دیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوا اور محبت کی دکانیں کھل گئی ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : کرناٹک انتخابی نتائج میں نہیں نظر آئی عام آدمی پارٹی
کرناٹک میں کانگریس کی شاندار جیت پر راہل گاندھی نے ریاستی عوام کے ساتھ ساتھ سبھی پارٹی لیڈران و کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’کرناٹک کے انتخاب میں کرونی کیپٹلزم کے پاور اور غریب عوام کی طاقت کے درمیان مقابلہ تھا۔ کانگریس کے ساتھ غریب عوام کی طاقت تھی اور اس طاقت نے پاور کو ہرا دیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہی اب ہر ریاست میں دیکھنے کو ملے گا۔ کانگریس کرناٹک میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی، غریبوں کے ایشوز پر ہم انتخاب لڑے۔ ہم نے نفرت سے یہ لڑائی نہیں لڑکی، محبت سے یہ لڑائی لڑی۔ کرناٹک کی عوام نے دکھا دیا کہ محبت اس ملک کو اچھی لگتی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کانگریس کے ذریعہ کیے گئے ان پانچ گارنٹی کا بھی تذکرہ کیا جو کہ انتخابی ریلیوں میں بار بار پارٹی لیڈران کے ذریعہ دیئے جا رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے پانچ وعدے کیے تھے۔ کہا تھا کہ انہیں کابینہ کی پہلی میٹنگ میں پورا کریں گے، اور اب پھر کہتا ہوں کہ یہ وعدے پورے کیے جائیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔