پریشان عوام کو ’امول‘ نے پھر کیا حیران، دودھ کی قیمت میں اضافہ کا اعلان، مہنگائی دن بہ دن چھو رہی آسمان
ہندوستانی عوام کو مہنگائی کا ایک بار پھر زوردار جھٹکا لگا ہے، دیوالی سے قبل ’امول ڈیری‘ نے دودھ کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کا اعلان کر دیا ہے۔
مہنگائی دن بہ دن آسمان چھو رہی ہے اور اس سے پریشان عوام کو ’امول‘ کمپنی نے ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے زوردار جھٹکا دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق امول ڈیری نے دودھ کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ صادر کر دیا ہے۔ امول نے فل کریم دودھ کی قیمت 61 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر اب 63 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد عوام کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں جو پہلے ہی مہنگائی سے بے حال ہیں۔
امول ڈیری کے منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس سوڈھی کا بیان اس سلسلے میں سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں امول گولڈ اور بھینس کے دودھ کی قیمت 2 روپے فی لیٹر بڑھی ہے۔ امول کے مطابق موجودہ اضافے کی وجہ ’Fat‘ کی قیمت میں اضافہ ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ترکی: کوئلے کی کان میں دھماکہ، 28 افراد ہلاک
بتایا جا رہا ہے کہ امول نے اچانک دودھ کی قیمتوں میں یہ اضافہ کر کے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ خبروں کے مطابق صبح گاہکوں کو دودھ بڑھی ہوئی قیمت پر ملا تو آپس میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اگست ماہ میں ہی امول ڈیری نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ اس وقت امول نے قیمتیں بڑھانے کے پیچھے کی وجہ بڑھتی ہوئی لاگت بتائی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔