جیتن سہنی قتل معاملہ: دو مشتبہ افراد زیر حراست، معمہ جلد حل کیا جائے گا، بہار پولیس
پولیس نے کہا کہ معاملے کی سائنسی جانچ کی جا رہی ہے۔ ایس آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد پر دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے
پٹنہ: وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر مکیش سہنی کے والد جیتن سہنی کے قتل کیس میں پولیس دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی معمہ حل کر لیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈ کوارٹر) جتیندر گنگوار نے کہا کہ پولیس اس معاملے کی سائنسی جانچ کر رہی ہے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔ آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا چکی ہے اور اس کی بنیاد پر دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس حکام پوری حساسیت اور سنجیدگی کے ساتھ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ فرانزک اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ رہی ہیں۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی معلومات دینے کے لیے دربھنگہ کے سینئر پولیس افسران کے نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس گھر میں جیتن سہنی کا قتل ہوا تھا اس کی دو منزلیں ہیں۔ واردات گراؤنڈ فلور پر انجام دی گئی۔ پولیس تمام زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ اس معمہ کے جلد حلد حل کر لئے جانے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ بہار کے سابق وزیر مکیش سہنی کے والد جیتن سہنی کو نامعلوم افراد نے تیز دھار ہتھیار سے قتل کر دیا ہے۔ منگل کی صبح ان کی مسخ شدہ لاش دربھنگہ کے سپول بازار میں واقع ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔