جمشید پور: تربیتی طیارہ حادثہ میں لاپتہ پائلٹ اور زیر تربیت پائلٹ کی لاشیں برآمد
الکیمسٹ ایوی ایشن کمپنی کے طیارہ نے 20 اگست کی صبح جمشید پور کے سوناری ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی اور تقریباً 20 منٹ بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔
جمشید پور ایئرپورٹ سے 20 اگست کو پرواز بھرنے کے بعد لاپتہ ہوئے تربیتی طیارہ کے پائلٹ جیت شترو سنگھ کی لاش بھی برآمد ہو گئی ہے۔ ہندوستانی بحریہ کی ٹیم نے تقریباً 6 گھنٹے تک چلی تلاشی مہم کے بعد جمعرات کی شام تقریباً 5.30 بجے شترو سنگھ کی لاش چانڈل نہر سے برآمد کی۔ زیر تربیت پائلٹ شبھروجیت دتہ کی لاش جمعرات کی صبح ہی نہر سے برآمد کر لی گئی تھی۔ حالانکہ حادثہ زدہ طیارہ کی تلاش ہنوز جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کچھ رپورٹس میں طیارہ کا ملبہ ملنے کی بات کہی گئی تھی، لیکن اس سلسلے میں کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔ اب بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ میں سوار دونوں پائلٹ کی لاشیں تو برآمد ہو گئی ہیں، لیکن طیارہ کا کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ایئرکرافٹ الکیمسٹ ایوی ایشن کمپنی کا تھا جو جمشید پور میں پائلٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چلاتی ہے۔ اس نے جمشید پور کے سوناری ایئرپورٹ سے 20 اگست کی صبح پرواز بھرا تھا اور تقریباً 20 منٹ بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔ طیارہ کو پٹنہ باشندہ کیپٹن جیت شترو آنند اڑا رہے تھے، جبکہ ان کے ساتھ جشمید پور باشندہ زیر تربیت پائلٹ شبھرودیپ دتہ سوار تھے۔
طیارہ نے 20 اگست کی صبح تقریباً 11 بجے پرواز بھری تھی اور تقریباً 20 منٹ بعد اے ٹی سی (ایئر ٹرافک کنٹرول) سے اس کا رابطہ پوری طرح ٹوٹ گیا تھا۔ حادثہ کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے ایئرپورٹ مینجمنٹ نے مشرقی سنگھ بھوم اور سرائے کیلا-کھرساواں ضلع انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔ منگل کی دوپہر سے ہی طیارہ کی آخری لوکیشن کی بنیاد پر جمشید پور کے دلما زولوجیکل گارڈن اور آس پاس کے علاقوں میں تلاشی شروع کی گئی۔ ہیلی کاپٹر سے پورا علاقہ چھان مارا گیا، لیکن کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔ آج جا کر دونوں طیارہ سواروں کی لاش برآمد ہو پائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔