جموں وکشمیر: ایل او سی پر دراندازی کی کوشش ناکام، ملی ٹینٹ ہلاک، آپریشن ہنوز جاری

آفیسر نے بتایا کہ سرحد کے پار لانچنگ پیڈوں کو پھر سے فعال کیا ہے اور وہاں پر ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے تاہم فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

سیکورٹی فورس، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سیکورٹی فورس، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: فوج نے جموں وکشمیر کے پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ملی ٹینٹوں کی طرف سے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا، جس میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ملی ٹینٹوں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ درمیانی شب ڈھائی بجے کے قریب پونچھ سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے انہیں للکارا، جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ ان کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ باقی ملی ٹنٹ جنگل کی طرف بھاگ گئے جنہیں مار گرانے کی خاطر اضافی کمک کو طلب کیا گیا ہے۔


دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ فوج کی ایک بھاری نفری نے جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگلی علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر اضافی کمک کو جائے وقوع کی طرف روانہ کیا گیا۔

دریں اثنا فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر دراندازی کی کوششوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برف پگھلنے کے ساتھ ہی ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم ایل او سی پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔


مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ سرحد کے اس پار لانچنگ پیڈوں کو پھر سے فعال کیا گیا اور وہاں پر ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹوں کو اس طرف بھیجنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہیں تاہم فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔