جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب: ’370 کی اب کبھی واپسی نہیں ہو سکتی‘، امت شاہ نے بی جے پی کا ’سنکلپ پتر‘ کیا جاری
امت شاہ نے بی جے پی کا ’سنکلپ پتر‘ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں کبھی بھی دفعہ 370 کی واپسی نہیں ہوگی، اسی دفعہ کی وجہ سے دہشت گردی کا ماحول تھا۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر بی جے پی نے آج اپنا ’سنکلپ پتر‘ جاری کر دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ہاتھوں اس انتخابی منشور کا اجرا ہوا اور انھوں نے صاف لفظوں میں ایک بات کہہ دیا کہ 370 کی اب کبھی واپسی نہیں ہونے والی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس ’سنکلپ پتر‘ میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دیے جانے کا تذکرہ نہیں ہے۔ حالانکہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے گزشتہ دنوں میڈیا کے سامنے کہا تھا کہ اسمبلی انتخاب کے بعد اسے مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔
بہرحال، امت شاہ نے ’سنکلپ پتر‘ جاری کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک جتنی بھی پارٹیوں نے یہاں حکومت کی، سبھی نے ’تسکین‘ (مسلمانوں کو خوش کرنے والی) کی سیاست کی۔ گزشتہ 10 سال کی بات کی جائے تو یہ بی جے پی کی ترقیات پر مبنی اور بہتر حکمرانی کو وقف رہے۔
امت شاہ نے اپنی تقریر کے دوران جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے لیے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انھوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور نیشنل کانفرنس کے چیف فاروق عبداللہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو بتانا چاہیے کہ کیا وہ نیشنل کانفرنس کے اس ایجنڈے کے ساتھ ہیں جس میں دو پرچم کی بات کہی گئی ہے؟ کانگریس کو بتانا چاہیے کہ کیا وہ دفعہ 370 پر نیشنل کانفرنس کے اسٹینڈ کی حمایت کرتی ہے؟
امت شاہ نے نیشنل کانفرنس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے نیشنل کانفرنس کا ایجنڈا پڑھا۔ اس میں عوام کو گمراہ کیا گیا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں صاف طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر میں کبھی بھی دفعہ 370 کی واپسی نہیں ہوگی۔ اسی دفعہ کی وجہ سے دہشت گردی کا ماحول تھا۔‘‘ اپنی بات کو آگے بڑھاتے انھوں نے کہا کہ ’’طویل وقت تک بم دھماکوں اور مشین گن کی آوازیں سنی گئی ہیں، لیکن گزشتہ 10 سالوں میں بہت تبدیلی آئی ہے۔ سیکورٹی افواج کے ساتھ عام لوگوں کی اموات میں بھی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔‘‘
بی جے پی کے ’سنکلپ پتر‘ کی اہم باتیں:
پرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی تعمیر۔
خواتین کی ترقی پر توجہ، ماؤں کو سالانہ 18 ہزار روپے دینے کا عزم۔
’اُجولا یوجنا‘ کے سبھی استفادہ کنندگان کو 2 سلنڈر مفت دیا جائے گا۔
کالج طلبا کو 3 ہزار روپے ’ٹریولنگ الاؤنس‘ دیا جائے گا۔
مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے نوجوانوں کو 10 ہزار روپے کا ’ری امبرسمنٹ‘ ملے گا۔
پیر پنجال، جموں کی طرف سے طلبا و طالبات کو ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ دیں گے۔
جموں کو پہلگام سے بھی اچھا سیاحتی مقام بنائیں گے۔
ڈَل جھیل کو عالمی سطح کا سیاحتی مقام بنائیں گے۔
سری نگر میں ایک امیوجمنٹ پارک بنائیں گے جو انوکھا ہوگا۔
جموں کی ندیوں کو ریورفرنٹ کا سیاحتی مقام بنائیں گے۔
جموں اور سری نگر دونوں شہروں میں جلد میٹرو دوڑائیں گے۔
دہشت گردی کا نشانہ بنے مندروں کے لیے بھی ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گردی پر قرطاس ابیض جاری کریں گے۔
دہشت گردی پر جو حملہ کیا ہے، اسے مزید سخت کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔