’اسمبلی کا انتخاب ہوتے ہی جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا‘، انوراگ ٹھاکر کا حیرت انگیز بیان
انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’’وزیر داخلہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ اسمبلی انتخاب ہوتے ہی مکمل ریاست کا درجہ جموں و کشمیر کو دیا جائے گا۔‘‘
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج کشتواڑ میں یہ حیرت انگیز بیان دیا ہے کہ اسمبلی انتخاب کے بعد جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ مل جائے گا۔ یہ بیان حیرت انگیز اس لیے ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ اس سلسلے میں کوئی تازہ بیان نہیں آیا ہے۔ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے ذریعہ لگاتار جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا جا رہا ہے جس پر بی جے پی کے سرکردہ لیڈران نے اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ آج انوراگ ٹھاکر سے جب سوال کیا گیا کہ راہل گاندھی جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے تئیں پرعزم ہیں، تو انھوں نے کہا کہ اسمبلی انتخاب کے بعد اسے مکمل ریاست کا درجہ دیے جانے کی بات پارلیمنٹ میں وزیر داخلہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں۔
میڈیا کے ذریعہ پوچھے گئے سوال کے جواب میں انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’’وزیر داخلہ نے واضح طور پر کہا تھا کہ اسمبلی کے انتخاب ہوتے ہی مکمل ریاست کا درجہ جموں و کشمیر کو دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے ٹھوس قدم اٹھائے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ اسے پھر سے مکمل ریاست کا درجہ مل جائے۔‘‘
واضح رہے کہ 4 ستمبر کو جموں و کشمیر کے رام بن میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے مقامی لوگوں سے ’اسٹیڈ ہُڈ‘ (مکمل ریاست کا درجہ) واپس دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ اتنا ہی نہیں، راہل گاندھی نے جموں و کشمیر میں کانگریس اتحاد کی حکومت بننے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
عوام سے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا تھا کہ ’’پہلی بار ہندوستان کی ایک ریاست کو مرکز کے زیر انتظام خطہ بنا کر لوگوں کے حقوق چھینے گئے۔ ہندوستان کی تاریخ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا ہے۔ سب سے پہلے جموں و کشمیر کو مکلم ریاست کا درجہ واپس کرنا ہوگا، کیونکہ صرف آپ کی ریاست ہی نہیں چھینی گئی ہے، آپ سے آپ کے حقوق، آپ کی ملکیت سب کچھ چھینی جا رہی ہے۔ 1947 میں ہم نے بادشاہوں کو ہٹا کر جمہوری حکومت بنائی، ہم نے ملک کو آئین دیا۔ آج جموں و کشمیر میں ایک راجہ بیٹھا ہے، اس کا نام ایل جی (لیفٹیننٹ گورنر) ہے۔ لیکن وہ راجہ ہے جو آپ کی ملکیت آپ سے چھین کر باہر کے لوگوں کو دے رہا ہے۔‘‘
اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارا پہلا قدم جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دلانا ہوگا۔ ہم چاہتے تھے کہ انتخاب سے قبل آپ کو ریاست کا درجہ ملے اور پھر انتخاب ہوں، لیکن بی جے پی یہ نہیں چاہتی۔ بی جے پی چاہے یا نہ چاہے، انڈیا اتحاد اتنا دباؤ ڈالے گی کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینا ہی ہوگا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔