’نریندر مودی سے بڑا دل دکھانے کی امید کرنا بے وقوفی‘، کانگریس کا مودی حکومت پر حملہ، پیش کی غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی 25 مثالیں

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے کہا کہ پرانے زخم کریدنے سے کیا حاصل ہوگا؟ ایمرجنسی کا فیصلہ غلط تھا اس میں کوئی دو رائے نہیں، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ اندرا جی نے خود اس غلطی کا اعتراف کیا تھا۔

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا کے نومنتخب اسپیکر اوم برلا نے 49 سال پہلے نافذ ایمرجنسی سے متعلق 26 جون کو مذمتی تجویز لائی، اور پھر آج (27 جون) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی تقریر کے دوران 25 جون 1975 کو نافذ اس ایمرجنسی کا تذکرہ کیا۔ ان دو واقعات سے کانگریس انتہائی ناراض ہے۔ دراصل کانگریس اس عمل کو سیاست سے متاثر قرار دے رہی ہے اور پارٹی لیڈران لگاتار مودی حکومت پر حملہ آور نظر آ رہے ہیں۔

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے گزشتہ دو دنوں میں ایمرجنسی کے تعلق سے لوک سبھا اسپیکر اور صدر جمہوریہ کے تبصرہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے مودی حکومت میں پیش آئے ایسے واقعات کی ایک طویل فہرست سامنے رکھ دی ہے جو غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی مثال ہیں۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے اور اس کا متن بھی ٹیکسٹ باڈی میں دیا ہے۔ سب سے پہلے سپریا شرینیت کہتی ہیں کہ ’’بی جے پی سے بڑپن کی امید کرنا بے معنی ہے، اور نریندر مودی سے بڑا دل دکھانے کی توقع کرنا بے وقوفی۔‘‘ پھر وہ کہتی ہیں ’’پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوا، حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اور ایوان کے لیڈر نریندر مودی ایک ساتھ اسپیکر محترم کو لے کر اوپر پہنچے۔ ایک نئی شروعات کی پیش قدمی خود راہل گاندھی نے پہلے ہاتھ بڑھا کر کی۔ حزب اختلاف کے لیڈر کی شکل میں ایوان میں ان کی پہلی تقریر بے حد عمدہ تھی۔ سنجیدہ بات، ہندوستانی عوام کی نمائندگی کی بات کرتے ہوئے اپوزیشن کی آواز کو جگہ دیے جانے کی پرزور پیروی کی۔ یہاں سے اگر بی جے پی چاہتی تو ایک اچھی پیش قدمی ہو سکتی تھی۔ لیکن چھوٹے من کے لوگوں سے بڑی باتوں کی امید کرنا ہی غلط ہے۔‘‘


مذکورہ بالا حقائق کو پیش کرنے کے بعد سپریا شرینیت کہتی ہیں کہ ’’اسپیکر نے 49 سال قبل لگی ایمرجنسی کی تجویز رکھی، پھر آج 27 جون کو صدر جمہوریہ نے حکومت کے ذریعہ لکھی تقریر میں بھی 25 جون 1975 کی ایمرجنسی کا تذکرہ کیا۔ پرانے زخم کریدنے سے کیا حاصل ہوگا؟ ایمرجنسی کا فیصلہ غلط تھا، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ اندرا جی نے خود اس غلطی کا اعتراف کیا تھا اور جمہوری انداز میں انتخابات کرائے تھے۔ یہی نہیں، ایمرجنسی سے کوئی واسطہ نہ ہونے کے باوجود خود راہل گاندھی نے ایمرجنسی کو ایک غلطی بتایا ہے اور ایسا کبھی دوبارہ نہ ہو اس لیے وہ آئین کو ہر حال میں محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘

ان باتوں کو رکھنے کے بعد کانگریس ترجمان نے مودی حکومت میں پیش آئے کچھ ایسے بڑے واقعات کی یاد دلائی ہے جنھیں وہ غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی مثال مانتی ہیں۔ انھوں نے ایک یا دو نہیں، بلکہ 25 واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا یہ غیر اعلانیہ ایمرجنسی نہیں ہے۔ نیچے پیش ہیں وہ سبھی 25 واقعات...

  1. ایک ساتھ ایک ہی اجلاس میں تقریباً 146 اراکین پارلیمنٹ کو لوک سبھا سے معطل کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  2. اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے مائک بند کر دینا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  3. راہل گاندھی کی 14 منٹ کی تقریر میں 11 منٹ اوم برلا کی شکل دکھانا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  4. 51 منٹ کی صدر جمہوریہ کی آج کی تقریر میں 6 بار حزب اختلاف لیڈر راہل گاندھی کو اور 73 بار نریندر مودی کو دکھانا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  5. اسپیکر کا ’جئے سنویدھان‘ بولنے پر اعتراض ظاہر کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  6. جبراً سیاہ زرعی قوانین، سی اے اے، انڈین سول پروٹیکشن کوڈ 2023، انڈین جسٹس کوڈ 2023 اور انڈین ایویڈنس ایکٹ 2023 پاس کرانا... کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  7. صرف صوتی ووٹ سے قانون کو پاس کرانا، لوک سبھا میں 35 فیصد بل ایک گھنٹے سے کم وقت میں پاس کرانا اور محض 16 فیصد بل کو پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  8. پارلیمنٹ احاطہ سے چھترپتی شیواجی مہاراج، مہاتما گاندھی اور بابا صاحب کے مجسموں کو بغیر اپوزیشن سے بات کیے بیابان میں ڈال دینا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  9. اراکین اسمبلی کی نیلامی کر کے منتخب ہوئی حکومتیں گرانا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  10. اپوزیشن کو ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سے پریشان کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  11. انتخاب کے دوران وزرائے اعلیٰ کو جیل میں ڈالنا، اہم اپوزیشن پارٹی کے بینک اکاؤنٹ بند کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  12. اپوزیشن لیڈروں کی، ججوں کی، افسروں کی، اپنے خود کے وزراء کی پیگاسس سے جاسوسی کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  13. ایک سال سے جلتے ہوئے منی پور کو اس کے حال پر چھوڑ دینا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  14. چینی حملہ سے ناراض لداخ کو نظر انداز کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  15. کسانوں کو سوا سال تک دہلی کی سرحد پر چھوڑ دینا، جس میں 750 کسانوں کی شہادت ہو گئی، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  16. کسان قتل عام کے کلیدی ملزم کے والد کو وزیر مملکت برائے داخلہ بنائے رکھنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  17. روزگار کا مطالبہ کرتے نوجوانوں پر پولیس کا بربریت کے ساتھ لاٹھی چارج کرانا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  18. طلبا کو مظاہرہ کرنے پر جیل میں ڈال دینا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  19. پیپر پر پیپر لیک ہونا، امتحانات ملتوی ہونا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  20. 21 سال کی ماحولیاتی کارکن کو گرفتار کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  21. صحافیوں پر پریشان کرنے والا سچ دکھانے کے لیے وطن سے غداری کا مقدمہ لگانا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  22. میڈیا کو اپنے بس میں کرنے کے بعد سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر شکنجہ کسنے کی کوشش کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  23. سوشل میڈیا پر فیک نیوز (فرضی خبر) کی سب سے بڑی فیکٹری چلانے کے بعد اگر کسی اور کا پوسٹ ٹھیک نہ لگے تو اسے سیدھے جیل میں ڈال دینا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  24. منمانے فرمانوں سے لاک ڈاؤن لگانا، نوٹ بندی کرنا، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے؟

  25. خواتین کے خلاف بہیمانہ سے بہیمانہ جرائم ہوں اور حکومت ہر بار ملزم کو تحفظ فراہم کرے، کیا یہ ایمرجنسی نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔