ویسٹ انڈیز میں عرفان پٹھان کے میک اَپ آرٹسٹ کی موت، سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے گئی جان
فیاض انصاری بجنور کا رہنے والا تھا۔ اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بطور کمنٹیٹر شامل سابق ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان کے ساتھ ویسٹ انڈیز گیا تھا۔
یوپی کے بجنور کے رہنے والے میک اپ آرٹسٹ فیاض انصاری کی ویسٹ انڈیز میں ایک سوئمنگ پول میں ڈوب کر موت ہو گئی۔ فیاض کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ سابق ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان کے ساتھ ویسٹ انڈیز گیا تھا جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بطور کمنٹیٹر شامل تھے۔ فیاض انصاری کی لاش کو واپس بھیجنے کا خرچ عرفان پٹھان اٹھا رہے ہیں۔ فیاض کی موت سے اس کے اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبر کے مطابق فیاض انصاری بجنور کی تحصیل نگینہ کے محلہ قاضی سرائے کا رہنے والا تھا۔ وہ کئی سالوں سے ممبئی میں میک اپ آرٹسٹ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ ہندوستانی کرکٹر عرفان پٹھان ایک دن اس کے سیلون پر آئے جس کے بعد دونوں کو ایک دوسرے سے شناسائی ہو گئی اور عرفان پٹھان نے فیاض انصاری کو اپنا میک اپ آرٹسٹ بنا لیا۔ عرفان پٹھان اسے اپنے ساتھ بیرون ملک لے جانے لگے۔
متوفی فیاض انصاری کے چچا زاد بھائی محمد احمد نے بتایا کہ اس وقت ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 ویسٹ انڈیز و امریکہ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ میچز ویسٹ انڈیز میں کھیلے جا رہے ہیں۔ عرفان پٹھان میچ کی کمنٹری کے لیے ویسٹ انڈیز میں ہی ہیں۔ وہ اپنے ساتھ میک اپ آرٹسٹ فیاض انصاری کو بھی لے گئے تھے۔ فیاض بھی عرفان پٹھان کے ساتھ ویسٹ انڈیز میں موجود تھا۔ ویسٹ انڈیز سے اطلاع ملی ہے کہ جمعہ کی شام کو ایک ہوٹل کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے سے فیاض کی موت ہو گئی ہے۔
محمد احمد کے مطابق فیاض انصاری کی شادی صرف دو ماہ قبل ہوئی تھی اور وہ آٹھ دن قبل نگینہ بجنور سے ممبئی گیا تھا۔ اچانک اس حادثے سے خاندان میں کہرام مچ گیا۔ بیوی اور گھر والوں کا رو-رو کر برا حال ہے۔ محمد احمد نے بتایا کہ عرفان پٹھان خود ویسٹ انڈیز میں تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد میت کو ہندوستان لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ فیاض کی میت آنے کے بعد اہل خانہ میت لینے دہلی جائیں گے۔ اس عمل میں تین سے چار دن لگنے کا امکان ہے۔ فی الحال گاؤں میں میت کی تدفین کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔