مہنگائی 4 ماہ کی اعلیٰ سطح پر پہنچ گئی، خوردہ شرح مہنگائی پھر 5 فیصد کے پار

خوردہ قیمت پر مبنی مہنگائی کی شرح جون میں 5.08 فیصد رہی، فروری کے بعد یہ پہلی بار 5 فیصد سے اوپر پہنچ گئی ہے۔

مہنگائی کی مار
مہنگائی کی مار
user

قومی آوازبیورو

سبزیوں، دالوں، پھلوں اور اناجوں کی قیمت بڑھنے سے خوردہ مہنگائی کی شرح جون میں بڑھ کر ایک بار پھر 5 فیصد سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ خوردہ قیمت پر مبنی مہنگائی کی شرح جون میں 5.08 فیصد رہی۔ فروری کے بعد یہ پہلی بار 5 فیصد سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ مئی میں خوردہ مہنگائی 4.80 فیصد، اپریل میں 4.83 فیصد اور مارچ میں 4.85 فیصد رہی تھی۔

جون میں خوردنی اشیا کی شرح مہنگائی مئی کے 8.69 فیصد سے بڑھ کر جون میں 9.36 فیصد پر پہنچ گئی۔ اس میں خاص طور سے سبزیوں، دالوں، پھلوں اور اناج کی قیمت میں تیز اضافہ درج کیا گیا ہے۔ جمعہ کو جاری آفیشیل اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جون میں سبزیوں کی خوردہ شرح مہنگائی 29.32 فیصد رہی۔ اسی طرح گزشتہ سال جون کے مقابلے دالوں اور ان کی مصنوعات کی قیمت 16.07 فیصد بڑھی۔ اناجوں کی قیمت میں 8.75 فیصد اور پھلوں کی قیمت میں 7.15 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ علاوہ ازیں تیل اور چربی زدہ مصنوعات کی شرح مہنگائی صفر سے 2.68 فیصد کم رہی۔


ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں راحت کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ اس شعبہ میں شرح مہنگائی صفر سے 3.66 فیصد کم رہی۔ پرسنل کیئر مصنوعات کی قیمت میں 8.18 فیصد کی تیز گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں تیز گرمی کے سبب سبزیوں کی فصل خراب ہونے کا اثر خوردہ مہنگائی پر نظر آ رہا ہے۔ حکومت نے ریزرو بینک کو وسط مدت میں مہنگائی شرح 4 فیصد پر رکھنے کا ہدف دیا ہے۔ حالانکہ اس کا دائرہ 2 فیصد سے 6 فیصد کے درمیان طے کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔