ہندوستان نے پاکستان سے کرتارپور گرودوارہ کا انتظام سکھوں کے حوالہ کرنے کا کیا مطالبہ
وزارت خارجہ نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کرتار پور گرودوارہ کا انتظام و انصرام سکھ تنظیم سے لے کر غیر سکھ تنظیم کے حوالے کرنا مناسب نہیں، اس لیے اس فیصلہ کو بدلا جائے۔
نئی دہلی: ہندوستان نے کرتارپور صاحب گرودوارہ کا نظم ونسق اور نگرانی کا کام ایک غیر سکھ تنظیم کے حوالے کیے جانے کے پاکستان کے فیصلے کی شدیدمخالفت کرتے ہوئے آج حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سکھوں کے جذبات کے خلاف اس فیصلے کو واپس لے۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہم نے ان رپورٹوں کو دیکھا جن کے مطابق پاکستان مقدس گرودواہ کرتارپورصاحب کا انتظام و دیکھ ریکھ کا کام اقلیتی سکھ برادری کی تنظیم پاکستان سکھ گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی سے لے کر ایک غیر سکھ تنظیم ایوکی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کے ہاتھوں میں دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈونالڈ ٹرمپ نے اگر وہائٹ ہاؤس نہیں چھوڑا تو...
بیان میں کہا گیا کہ ’’پاکستان کا یہ یکطرفہ فیصلہ قابل مذمت ہے اور کرتارپور صاحب کاریڈور کھولے جانے کے جذبات اور سکھ برادری کے مذہبی خیالات کے خلاف ہے۔ ایسے اقدام پاکستانی حکومت اور مذہبی اقلیتی برادری کے حقوق و بہبود کے لمبے چوڑے دعوے کی اصلیت ظاہر کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سکھ برادری کے حقوق پامال کرنے والے اپنی مرضی کے فیصلے کو واپس لے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گرودوارہ کرتارپور صاحب سے متعلق معاملات کا انتظام کرنے کا حق سکھ برادری کا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔