انڈیا اتحاد: دہلی میں لوک سبھا انتخاب کی اسٹریٹجی کے لیے ہوئی میٹنگ، کئی لیڈران کی شرکت

پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس کے درمیان انڈیا اتحاد نے آئندہ لوک سبھا انتخاب کے لیے اسٹریٹجی تیار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں انڈیا اتحاد کے لیڈران نے آج دہلی میں میٹنگ کی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

اپوزیشن اتحاد انڈیا (انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس) میں شامل سیاسی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے بدھ کے روز دہلی میں ایک میٹنگ کی جس میں حال کے اسمبلی انتخابات کے نتیجوں کے بعد پیدا حالات اور 2024 کے لوک سبھا انتخاب کے مدنظر آگے کی اسٹریٹجی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ میٹنگ کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں حزب مخالف لیڈر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر ہوئی۔ میٹنگ میں کانگریس پارٹی سے ملکارجن کھڑگے کے علاوہ راہل گاندھی اور جئے رام رمیش، ڈی ایم کے سے ٹی آر بالو، سماجوادی پارٹی سے رام گوپال یادو، جاوید علی خان و ایس ٹی حسن، عآپ سے راگھو چڈھا، جنتا دل یو سے راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، آر جے ڈی سے فیاض احمد، این سی پی سے وندنا چوہان، راشٹریہ لوک دل سے جینت چودھری، جے ایم ایم سے مہوا مانجھی، سی پی آئی سے ونئے وشوم اور کچھ دیگر لیڈران شامل ہوئے۔


اس میٹنگ سے قبل عآپ لیڈر راگھو چڈھا نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’بات چیت 2024 لوک سبھا انتخاب کے مدنظر ہوگی۔ انڈیا اتحاد کو کیسے آگے لے کر جانا ہے، مہنگائی و بے روزگاری جیسے مرض کو ختم کر ملک کو کیسے آگے لے کر جانا ہے اس بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری یہ کوشش ہے کہ 2024 میں ایک ایسا بلو پرنٹ دیا جائے جس سے ملک اور آگے بڑھے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل کچھ اہم پارٹیوں کے سربراہان کی عدم دستیابی کے سبب پارلیمانی پارٹی کے لیڈران کی کوآرڈنیشن میٹنگ آج کی گئی۔ ممتا بنرجی، اکھلیش یادو، نتیش کمار جیسے اہم لیڈران کی موجودگی میں ایک میٹنگ رواں ماہ کے تیسرے ہفتہ میں ہوگی۔ لالو پرساد نے اس تعلق سے ایک اہم بیان 5 دسمبر کو دیا تھا جس میں کہا تھا کہ 17 دسمبر کو میٹنگ ہوگی جس میں سبھی سرکردہ لیڈران شامل ہوں گے۔


بہرحال، آج انڈیا اتحاد کے لیڈران کی میٹنگ ایسے وقت میں ہوئی جب مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حالانکہ کانگریس نے تلنگانہ میں بے مثال جیت درج کی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں تین ریاستوں میں کانگریس کی شکست کے بعد انڈیا اتحاد کی کچھ پارٹیوں نے کانگریس پر سوال کھڑے کیے تھے۔

واضح رہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کا مقابلہ کرنے کے لیے 26 اپوزیشن پارٹیوں نے ’انڈیا اتحاد‘ قائم کیا ہے۔ انڈیا اتحاد کی اب تک تین میٹنگیں پٹنہ، بنگلورو اور ممبئی میں ہو چکی ہیں۔ اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران کی ممبئی میں ہوئی میٹنگ کے دوران اتحاد کے مستقبل کے پروگراموں کا خاکہ تیار کرنے کے لیے 14 رکنی کوآرڈنیشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کوآرڈنیشن کمیٹی اپوزیشن اتحاد کے اہم فیصلے لینے والے ادارہ کی شکل میں کام کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔