شمالی کوریا کے تاناشاہ کِم جونگ اُن تقریب کے دوران ہوئے جذباتی، آنکھوں سے نکل پڑے آنسو!
ایک تقریب میں کِم جونگ اُن نے کہا کہ ’’ماؤں کے ساتھ کام کرنے کے دوران شرح پیدائش میں گراوٹ کو روکنا اور بچوں کی اچھی دیکھ بھال کرنا سبھی کنبوں کی ذمہ داری ہے۔‘‘
شمالی کوریا کے تاناشاہ کِم جونگ اُن کی ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں کم جونگ اُن کو خواتین کی ایک تقریب سے خطاب کرنے کے دوران روتے اور اپنے آنسو پونچھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ رپورٹس کی مانیں تو تاناشاہ کِم جونگ نے اس تقریب کے دوران شمالی کوریا میں گھٹی شرح پیدائش پر فکر کا اظہار کیا تھا اور خواتین سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وہ جذباتی ہو گئے تھے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرس کی طرف سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق اس تقریب میں کم جونگ اُن نے کہا کہ ’’ماؤں کے ساتھ کام کرنے کے دوران شرح پیدائش میں گراوٹ کو روکنا اور بچوں کی اچھی دیکھ بھال کرنا سبھی کنبوں کی ذمہ داری ہے۔‘‘ اپنے خطاب میں شمالی کوریائی تاناشاہ نے قومی طاقت کو مضبوط کرنے کے لیے ماؤں کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے جب بھی پارٹی اور ملک کے کاموں کو سلجھانے میں دقت ہوتی ہے، تب میں ہمیشہ ماؤں کے بارے میں سوچتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ تخمینہ کے مطابق شمالی کوریا میں موجودہ وقت میں شرح پیدائش یعنی ایک خاتون سے پیدا ہونے والے اوسط بچوں کی شرح اس وقت 1.8 ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں شمالی کوریا میں شرح پیدائش تیزی کے ساتھ گری ہے۔ حالانکہ یہ شرح پیدائش شمالی کوریا میں پڑوسی ممالک جنوبی کوریا (شرح پیدائش 0.78) اور جاپان (شرح پیدائش 1.26) کے مقابلے کافی بہتر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔